فلم ڈر اور بازیگر سے اپنا نام بنانے والے اور پھر دل والے دلہنیا لے جائیں گے سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والے شاہ رخ خان ساٹھ سال کے ہوگئے۔
اپنی سالگرہ پر ایک خصوصی تقریب میں بات کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے اپنے بچوں سہانا خان اور آریان خان کے بارے میں کھل کر بات کی۔
جب اداکار سے پوچھا گیا کہ آپ کے بچے بھی اب فلم انڈسٹری کا حصہ بن رہے ہیں تو کیا آپ ان کو مشورے بھی دیتے ہیں۔
کنگ خان نے مسکراتے ہوئے برجستہ کہا کہ نہیں ، میں اپنے بچوں کو فلمی کیریئر کے حوالے سے کوئی مشورہ نہیں دیتا بس سراہتا ہوں۔
اس کی وجہ بتاتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ تخلیقی لوگوں کو زیادہ سمجھانے کی ضرورت نہیں ہوتی وہ خود اپنا راستہ بناتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ میں ان کا باپ ہوں اور 35 سال کے کیریئر کے بعد میں ان کو کچھ سیکھاؤں تو ان کے ذہن میں یہ بات آ سکتی ہے کہ پاپا کی بات ماننی پڑے گی۔
اداکار شاہ رخ خان نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ وہ یہ بوجھ محسوس کریں اور جبراً میری بات مانیں۔ خود سیکھیں۔
کنگ خان نے مزید کہا کہ بیٹی سہانا اداکاری کر رہی ہے اور بیٹا آریان لکھاری اور ہدایت کاری کرتا ہے۔ وہ خود کام کرتے ہیں اور جب کبھی رائے مانگیں تو دیدیتا ہوں۔
شاہ رخ خان نے انکشاف کیا کہ میں کبھی تعریف کرتا ہوں تو کبھی تنقید کردیتا ہوں لیکن آخری بات یہی کہتا ہوں وہی کرو جو تمھیں ٹھیک لگے۔