شکاری اور ٹمبر مافیا ہوجائے ہوشیار، حکومت پنجاب جنگلات محفوظ بنانے کےلیے سرگرم

حکومت پنجاب جنگلات محفوظ کرنے کے لئے سرگرم ہوگئی جب کہ جنگلات کے تحفظ کے لیے فاریسٹ ایکٹ 1927 میں اہم ترامیم تجویز کردی گئیں۔

پنجاب اسمبلی میں دی فاریسٹ ترمیمی ایکٹ 2025 پیش کردیا گیا، حکومت پنجاب نے جنگلات کو نقصان پہنچانے والوں کے لئے بھاری جرمانے اور سخت سزائیں تجویز کر دیں۔

متن  کے مطابق جرم کی صورت میں قید 6 ماہ سے بڑھا کر کم سے کم پانچ اور زیادہ سے زیادہ 7 سال تجویز ہے، مجرمان کو 5 لاکھ سے لے کر 50 لاکھ تک جرمانے ہوں گے، بل کے تحت فاریسٹ پروٹیکشن سینٹرز قائم کئیے جائیں گے۔

اس میں کہا گیا کہ ڈپٹی محافظ فاریسٹ پروٹیکشن سینٹرز کا سپر وائزر ہو گا، جنگلات کے افسران کے لیے وردی لازم، ڈی جی کے حکم پر چیک پوسٹ قائم ہوگی، افسران کو بغیر عدالتی حکم مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا اختیار ہوگا، سیکریٹری جنگلات تفتیشی افسران تعینات کر سکے گا، جنگل افسر کو بھی جرم میں ملوث ہونے پر سزا ہو گی۔

جنگلات کے لئے خصوصی عدالت تشکیل دی جائے گی، جرم بارے معلومات دینے والے کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیا جائے گا، معلومات دینے والے کی شناخت پوشیدہ رکھی جائے گی۔

ترامیم کا مقصد جنگلات کا تحفظ اور انتظامی نظام مزید مضبوط کرنا ہے، بل 2 ماہ کے لئے متعلقہ کمیٹی کے حوالے کردیا گیا، بعد از کمیٹی رپورٹ بل ایوان سے منظور ہو گا، بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔

Similar Posts