لندن جیل کی بڑی غفلت، دو خطرناک قیدی غلطی سے رہا کردیئے گئے

لندن میں دو قیدیوں کو غلطی سے جیل سے رہا کر دیا گیا، جس کے بعد پولیس نے ان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق، الجزائر سے تعلق رکھنے والا 24 سالہ ابراہیم قدور شریف اور 35 سالہ ولیم اسمتھ لندن کی مشہور ایچ ایم پی ونزورتھ جیل سے بالترتیب 29 اکتوبر اور 3 نومبر کو غلطی سے رہا کیے گئے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چند روز قبل ہی ایک اور جنسی جرائم میں ملوث قیدی ہڈش کیباٹو کو بھی غلطی سے رہا کر دیا گیا تھا۔

ان متواتر واقعات کے بعد برطانوی وزیرِ انصاف ڈیوڈ لَمی شدید تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ وزیر انصاف نے حال ہی میں وعدہ کیا تھا کہ جیلوں میں سیکیورٹی نظام مزید سخت کیا جائے گا تاکہ ایسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں، مگر صورت حال اس کے برعکس نظر آ رہی ہے۔

پارلیمان میں کنزرویٹو پارٹی کے ارکان نے بھی وزیر انصاف کو آڑے ہاتھوں لیا ہے، جبکہ تازہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2025 تک 262 قیدیوں کو غلطی سے رہا کیا گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 128 فیصد زیادہ ہے۔

 

Similar Posts