تھائی لینڈ نے کمبوڈیا کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ معطل کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں طے پانے والا تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کا جنگ بندی معاہدہ معطل ہوگیا۔ تھائی لینڈ نے کمبوڈیا کے ساتھ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد فوری طور پر روکنے کا اعلان کیا ہے۔

تھائی لینڈ کی جانب سے منگل کے روز اعلان سامنے آیا کہ وہ کمبوڈیا کے ساتھ حالیہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد فوری طور پر روک رہا ہے۔

تھائی حکومت نے کمبوڈیا پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے دونوں ممالک کی متنازع سرحدی پٹی پر نئی بارودی سرنگیں بچھائی ہیں۔ حکام کے مطابق پیر کے روز بارودی سرنگ کے دھماکے میں چار تھائی فوجی زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کا پاؤں ضائع ہو گیا۔

رائٹرز کے مطابق تھائی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر کمبوڈیا کی جانب سے اس واقعے پر وضاحت اور کارروائی نہ کی گئی تو تھائی لینڈ اس معاہدے کی منسوخی پر غور کرے گا۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم انوتن چرن ویراکل نے وزارتِ دفاع کو ہدایت کی ہے کہ کمبوڈیا کے ساتھ تمام معاہدے غیر معینہ مدت تک معطل کر دیے جائیں۔


AAJ News Whatsapp

دوسری جانب کمبوڈیا کی وزارتِ دفاع نے نئی بارودی سرنگیں بچھانے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تھائی لینڈ کو پرانی جنگی بارودی سرنگوں والے علاقوں میں گشت سے گریز کرنا چاہیے۔

کمبوڈیا نے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے سرحدی علاقوں میں اب بھی خانہ جنگی کے دور کی بارودی سرنگیں موجود ہیں، جس کے باعث یہ دنیا کے سب سے زیادہ بارودی سرنگوں سے متاثرہ ممالک میں شمار ہوتا ہے۔

کمبوڈیا کا مؤقف ہے کہ وہ اکتوبر میں طے پانے والے توسیع شدہ جنگ بندی معاہدے کے مطابق تھائی لینڈ کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے۔

ٹرمپ نے تجارت سے ایک اور جنگ رکوا دی، اقوام متحدہ پر کڑی تنقید

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے رائٹرز کو بتایا کہ واشنگٹن اس واقعے کی مزید معلومات اکٹھی کر رہا ہے اور دونوں ہمسایہ ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ استحکام برقرار رکھیں اور معاہدے پر عمل کریں۔

گزشتہ ماہ ملیشیا میں ہونے والے ایک علاقائی اجلاس کے دوران امریکی صدر ٹرمپ کی موجودگی میں دونوں ممالک کے رہنماؤں نے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

اس معاہدے میں سرحدی علاقوں سے بھاری ہتھیاروں کا انخلاء اور کمبوڈیا کے 18 جنگی قیدیوں کی واپسی شامل تھی۔ یہ معاہدہ جولائی میں ہونے والی پانچ روزہ جھڑپوں کے خاتمے کے بعد طے پایا تھا جو دونوں ممالک کے درمیان حالیہ تاریخ کی بدترین لڑائی تھی۔

ان جھڑپوں کے دوران راکٹوں اور بھاری توپ خانے کے استعمال سے کم از کم 48 افراد ہلاک اور تقریباً تین لاکھ افراد بے گھر ہوئے تھے۔

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی تنازع ایک صدی سے زائد پرانا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان 817 کلومیٹر طویل زمینی سرحد 1907 میں فرانسیسی نوآبادیاتی دور میں متعین کی گئی تھی تاہم کئی مقامات پر آج بھی حدود واضح نہیں۔ 2011 میں بھی دونوں ممالک کے درمیان سرحدی جھڑپوں میں ایک ہفتے تک گولہ باری جاری رہی تھی۔

Similar Posts