شاہین شاہ آفریدی نے بابر اعظم کی سنچری کا راز افشا کر دیا

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے سری لنکا کے خلاف آخری ون ڈے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں ٹیم کی کارکردگی اور سینئر کھلاڑیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ سینئر کھلاڑیوں کا ٹیم میں ہونا انتہائی ضروری ہوتا ہے، کیونکہ ان کی تجربہ کار پرفارمنس نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مشعل راہ ہوتی ہے۔

انہوں نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان نے ہمیشہ شاندار پرفارمنس دی ہے اور بابر اعظم کی سینچری کا ہم سب کو شدت سے انتظار تھا۔

شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ بابر اعظم نے نیٹس میں بہت محنت کی اور اپنی تیاری پر مکمل فوکس رکھا جس کا نتیجہ ہم نے اس سینچری کی صورت میں دیکھا۔

انہوں نے محمد رضوان کی بھی تعریف کی اور کہا کہ محمد رضوان نے دونوں میچز میں ٹارگٹ کو پورا کیا جو ٹیم کے لیے انتہائی اہم تھا۔

شاہین آفریدی نے محمد وسیم جونیئر کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ محمد وسیم جونیئر کی صلاحیتوں کو قومی ٹیم نے ہمیشہ استعمال کیا ہے اور حالیہ انجریز کے باوجود وہ قومی ٹیم کے ساتھ تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اسکواڈ میں موجود جونیئر کھلاڑی بہترین کھیل پیش کر رہے ہیں اور یہ خوش آئند بات ہے کہ تقریباً تمام کھلاڑی پرفارمنس دے رہے ہیں۔

Similar Posts