وزیراعظم نے نجی حج سکیم کے تحت 70 ہزار حاجیوں کے کوٹے کے بروقت انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھایا ہے۔ سعودی عرب کی پالیسی کی پیروی نہ کرنے پر وزیراعظم نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تین رکنی اعلیٰ سطح حج انتظامی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے تشکیل دی جانے والی کمیٹی میں سیکرٹری کابینہ، چیئرمین ایف بی آر اور چیف سیکرٹری جی بی شامل ہیں۔ کمیٹی کو اس بات کی تحقیقات کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ سعودی عرب کی 2025 کی نظرثانی شدہ پالیسی وزارت مذہبی امور اور نجی حج آپریٹرز کے ذریعے کیوں نافذ نہیں کی گئی۔
کمیٹی وزارت مذہبی امور کی جانب سے نجی حج آپریٹرز کے لیے درکار رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کی کوششوں کا جائزہ لے گی اور سعودی حکام کی مقرر کردہ آخری تاریخ تک عمل مکمل کرنے کی کوشش کرے گی۔ اس کے علاوہ، کمیٹی کو سنگین کوتاہیوں کی ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں پاکستانی عازمین حج 2025 سے محروم ہو سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس معاملے کی تحقیقات کے بعد کمیٹی اپنی سفارشات تین دن کے اندر پیش کرے۔ وزارت مذہبی امور کو مکمل معاونت فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، کمیٹی اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ پاکستان سے ہنگامی بنیادوں پر رقوم بھجوانے کے حوالے سے حکمت عملی کیا ہو سکتی ہے، تاکہ 70 ہزار حاجیوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔