نیوزی لینڈ کو ون ڈے فارمیٹ میں 46 سال بعد بڑا اعزاز حاصل

آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ جاری کر دی گئی جس میں نیوزی لینڈ کو 46 سال بعد بڑا اعزاز حاصل ہوگیا۔

کیوی بلے باز ڈیریل مچل نے بھارتی اوپنر روہت شرما کو پچھاڑ کر آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں دنیا کے نمبر ون بیٹر کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

یہ محض دوسری بار ہے کہ کسی نیوزی لینڈ کے بیٹر نے رینکنگ میں پہلی پوزیشن سنبھالی ہے۔ اس سے قبل 1979 میں گلین ٹرنر یہ مقام حاصل کرنے والے واحد کیوی بیٹر تھے۔

کئی عظیم کھلاڑی جیسے مارٹن کرو، کین ولیمسن اور روس ٹیلر ون ڈے بیٹنگ رینکنگ کے ٹاپ فائیو میں شامل رہ چکے ہیں لیکن کبھی نمبر ایک پوزیشن پر نہیں آسکے تھے۔

مچل نے یہ کامیابی اتوار کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی ساتویں ون ڈے سنچری بنانے کے بعد حاصل کی۔ تاہم اس دوران وہ زخمی ہوگئے اور تین میچوں کی سیریز کے باقی میچز کے لیے باہر ہوگئے۔

Similar Posts