مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی گاڑی نے مسلم خاتون کو کچل دیا

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کبھی سرچ آپریشن کے نام پر تو کبھی اپنی تیز رفتار اور بے قابو گاڑیوں کے ذریعے مسلمانوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع بڈگام میں بھارتی فوج کی تیز رفتار گاڑی نے راہ چلتی خاتون کو کچل دیا۔

خاتون شدید زخمی ہوگئیں جنھیں بھارتی فوج کے اہلکار موت کے منہ میں جاتا دیکھ کر بھی سڑک پر سسکتا چھوڑ گئے۔

عینی شاہدین کے بقول جائے حادثہ پر موجود شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت خاتون کو اسپتال منتقل جہاں انھیں طبی امداد فراہم کی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

خاتون کی شناخت 32 سالہ ثوبیہ جان کے نام سے ہوئی جو سری نگر کی رہائشی ہیں اور کسی کام سے بڈگام آئی تھیں۔

مسلم خاتون کی لاش گھر پہنچی تو علاقے میں کہرام مچ گیا۔ نماز جنازہ میں مقامی حریت رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

تدفین کے بعد علاقہ مکینوں نے قابض بھارتی فوج کے خلاف شدید احتجاج کیا اور جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔

یاد رہے کہ مودی سرکار نے سیاہ قانون کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اسے بطور وفاقی اکائی ضم کرکے پورے کشمیر کو قید خانے میں تبدیل کردیا ہے۔

 

 

Similar Posts