ساہیوال، پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں سے مقابلہ، تین ڈاکو ہلاک، اے ایس آئی زخمی

38 بارہ ایل کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے بھاری نفری کے ہمراہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

ترجمان ساہیوال پولیس کے مطابق 110 سیون آر کے راستے جنگل میں ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی جس کے بعد دونوں جانب سے مبینہ مقابلہ ہوا۔

ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکوؤں کے تین ساتھی اپنے ہی دیگر ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

مقابلے کے دوران اے ایس آئی اسلم ملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکوؤں کے دیگر ساتھی فائرنگ کے دوران جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے بہادری سے مقابلہ کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Similar Posts