الیکشن ٹریبونلز میں ریٹائرڈ ججز کی تعیناتی کے خلاف اپیل کی سماعت وفاقی آئینی عدالت میں ہوئی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صحافی نے سلمان اکرم راجا سے سوال کیا کہ کیا پی ٹی آئی نے آئینی عدالت کا بائیکاٹ نہیں کیا؟، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ آئینی عدالت کے بائیکاٹ پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ اس حوالے سے پارٹی میں مشاورت کریں گے۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ عدالت اب قائم کردی گئی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی قید تنہائی کے حوالے سے درخواست بھی لگنی ہے۔ فیصلہ کریں گے کہ ایک عدالت کو ہم نہیں مانتے تو اس میں پیش ہونا ہے یا نہیں۔ ہم نے فیصلہ کرنا ہے لیکن تاحال فیصلہ نہیں ہوا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے پیش ہونے کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ سہیل آفریدی آج الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے، انہوں نے قانون کی اطاعت کی۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ہری پور انتخابات کے حوالے سے وائٹ پیپر جلد جاری کریں گے۔ ہم قانون کی روح ٹٹولتے رہیں گے۔ علی بخاری نے الیکشن کمیشن کے سامنے اعتراضات رکھے، ہماری استدعا ہے کہ ہر فریق کے ساتھ ایک جیسا سلوک ہو۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کسی کو کوئی دھمکی نہیں دی۔ افسران کو تنبیہ کرنا وزیراعلیٰ کا حق ہے۔ ہم اپنا تفصیلی جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں گے۔ الیکشن کمیشن کو بتایا کہ ایسی ایک درخواست خیبرپختونخوا میں بھی زیر سماعت ہے، دو جگہوں پر ایک جیسی درخواست پر کاروائی نہیں ہوسکتی۔ ہم نے کسی صورت الیکشن کے عمل میں دخل اندازی نہیں کی۔ آئندہ وزیر اعلیٰ کو یہاں پیش ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔