ایکسپریس نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل کے قریب گزشتہ شب دھرنے کے دوران پولیس اور شرکا کے درمیان دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی، جہاں شدید سرد رات میں ایس ایچ او صدر بیرونی اعزاز عظیم نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سمیت دھرنا شرکا کو چائے پیش کی۔
اس موقع کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ، جس میں ماحول خوشگوار نظر آتا ہے۔
ویڈیو میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم مسکراتے ہوئے چائے کا کپ اٹھاتے دکھائی دیتی ہیں جب کہ ایس ایچ او اعزاز عظیم کی جانب سے انہیں مخاطب کرکے چائے پیش کرنے کے جملے بھی واضح طور پر سنے جا سکتے ہیں۔
اسی طرح علامہ ناصر کو بھی ایس ایچ او چائے کی دعوت دیتے ہیں، جو کپ اٹھا کر چائے پیتے دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو میں ایس ایچ او صدر بیرونی نعیم پنجوتھا کو بھی چائے کی پیشکش کرتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں۔
اس موقع پر تمام شرکا کو ہاتھوں میں کپ لیے شدید سردی میں چائے کا لطف اٹھاتے دیکھا گیا ہے۔
دھرنے کے دوران کبھی سختی، کبھی مذاکرات اور کبھی چائے کی پیشکش جیسے مناظر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں، جب کہ ایس ایچ او اعزاز عظیم کے اس انداز کو شہریوں کی جانب سے سراہا بھی جا رہا ہے۔