ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش: سابق بھارتی کرکٹر نے گوتم گھمبیر ’دماغی مریض‘ قرار دے دیا

جنوبی افریقا کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میں بھارت کو شکست اور سیریز میں وائٹ واش ہونے کے بعد بھارتی ٹیم کے ہیڈکوچ گوتم گھمبیر اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کو ہٹانے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔ سابق فاسٹ بولر وینکٹش پرساد نے گوتم گھمبیر کو دماغی مریض قرار دے دیا۔

جنوبی افریقا کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش نے بھارتیوں کی نیندیں حرام کردی ہیں، جس کے بعد ہیڈ کوچ گوتم گھمبیر سمیت چیف سلیکٹر اجیت اگر کر کو  ہٹانے کا مطالبہ سامنے آگیا ہے۔

سابق بھارتی بولر وینکٹش پرساد نے گوتم گمبھیر کو دماغی مریض قرار د ے دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر بھڑاس نکالتے ہوئے لکھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں مختلف مائنڈ سیٹ چاہیے ہوتا ہے، بہت زیادہ آل راؤنڈرز بھرنے کی بیوقوفی نہیں کرسکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناقص حکمت عملی، کمزور باڈی لینگویج اور ہوم سیریز میں دوسری بار وائٹ واش کی ہزیمت کی مثال نہیں ملتی۔

سابق بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف یہ خراب ترین بیٹنگ تھی۔

یاد رہے کہ گوہاٹی ٹیسٹ کی تاریخی کامیابی نے جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باووما کو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں بغیر کوئی میچ ہارے سب سے زیادہ فتوحات حاصل کرنے والا کپتان بنادیا۔ انہوں نے 12 ٹیسٹ میچوں میں 11 فتوحات حاصل کیں اور ایک میچ ڈرا رہا۔

بھارت ٹیسٹ کرکٹ کی 100 سالہ تاریخ میں پہلی بار 2024 میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ہوم گراؤنڈ پر 3-0 سے کلین سوئپ کا شکار ہوا تھا، اب محض ایک سال سے بھی کم عرصے کے وقت میں اسے ہوم سیریز میں جنوبی افریقا کے خلاف 2-0 کی کلین سوئپ کا سامنا کرنا پڑا۔

Similar Posts