ایف آئی اے نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کی آسانی کیلیے امیگریشن سہولت کا آغاز کردیا

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بیرون ملک جانے والے شہریوں کی سہولت کیلیے خصوصی امیگریشن انفارمیشن آفس قائم کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے زونل آفس لاہور میں بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سہولت کیلیے خصوصی امیگریشن انفارمیشن آفس قائم کیا گیا ہے جہاں سے شہریوں کو تمام رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

ایف آئی اے کی جانب سے دفتر میں عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے جو بیرون ملک جانے والے مسافروں کو امیگریشن قوانین، سفری تقاضوں اور دستاویزات کی تصدیق سے متعلق معلومات فراہم کرے گا۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق معلوماتی آفس عوامی سہولت اور سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا جبکہ اس کے ذریعے شہریوں اور امیگریشن ڈیسک کے درمیان رابطے بھی بہتر ہوں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ  خصوصی دفتر قیام کا مقصد سفر سے قبل معلومات تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ شہری امیگریشن سے متعلق معلومات کے لیے 04299203690 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

Similar Posts