گٹر میں گر کر بچے کی ہلاکت: اسسٹنٹ کمشنر گلشن سمیت متعدد افسران معطل

گلشن اقبال میں بچے کے گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے کے معاملے میں کے ایم اسی، ڈی ایم سی اور واٹر بورڈ افسران اور اسسٹنٹ کمشنر کو معطل کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق افسران کی معطلی کے نوٹی فکیشن محکمہ بلدیات سندھ نے جاری کردیے ہیں۔

معطل ہوئے افسران میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال کے اسسٹنٹ انجینئر راشد فیاض، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ایگزیکٹو انجینئر وقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال عامر علی شاہ، مختیار کار گلشن اقبال سلمان فارسی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ افسران کی معطلی وزیراعلی مراد علی شاہ کی ہدایت پر کی گئی۔

سانحہ نیپا پر ریڈلائن بی آرٹی کا موقف

دریں اثنا سانحہ نیپا پر ریڈلائن بی آرٹی کا موقف سامنے آگیا، بی آر ٹی منیجر نے کہا ہے کہ سانحے کے جائے وقوع کے قریب بی آرٹی  کی کوئی سرگرمی نہیں ہورہی، جائے وقوع بی آر ٹی ریڈ لائن کے تعمیراتی کاموں سے خاصا فاصلہ رکھتا ہے، نہ وہاں کوئی کھدائی جاری ہے، نہ تعمیراتی رکاوٹیں ہیں۔

بی آر ٹی منیجر نے کہا کہ سڑک کی تعمیر بھی مکمل اور برقرار ہے، سیوریج یا نالے کے نظام کی کوئی انتظامی، یا مرمتی ذمہ داری بی آر ٹی کے دائرہ کار میں شامل نہیں، واقعے کے مقام کے آس پاس یا اس پر کوئی تعمیراتی سرگرمی بھی نہیں ہوئی، بی آر ٹی کے جاری کام متعلقہ اداروں کے این او سی کے بعد شروع ہوئے۔

بی آرٹی منیجر نے مزید کہا ہے کہ کام کے آغاز سے پہلے تمام مجاز اداروں کو اعتماد میں لیا جاتا ہے، پارکنگ ایریا جہاں سانحہ پیش آیا، وہ اسٹور کے استعمال میں ہے، سانحے کا تعلق بی آر ٹی ریڈ لائن پراجیکٹ سے جوڑنا سنگین غلط فہمی ہے۔

Similar Posts