’اربوں روپے وصول کرنے کے بعد کے ایم سی اور واٹرکارپوریشن کے پاس گٹر کے ڈھکن کے پیسے نہیں ہیں‘

کراچی کے علاقے گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد نے دعویٰ کیا ہے کہ میونسپل اور واٹرکارپوریشن نے اربوں روپے وصول کرلیے مگر ان کے پاس گٹر کے ڈھکن لگانے کے پیسے نہیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال کے ٹاؤن چیئرمین نے کہا کہ واٹرکارپوریشن نے 20 ارب جبکہ کے ایم سی نے بلوں میں چار ارب روپے ٹیکس کی مد میں وصول کیے اس کے باوجود ان کے پاس گٹر کا ڈھکن لگانے کے پیسے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمیں اختیارات دیتے ہیں اور نہ ہی وسائل، گلشن اقبال ٹاؤن نے کروڑوں روپے سیوریج اور گٹر کے ڈھکن ڈھکنے پر خرچ کیے ہیں۔

ڈاکٹر فواد کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی روڈ جو کے ایم سی کے ماتحت ہے وہ اب ریڈ لائن بی آر ٹی کی وجہ سے شہریوں کیلیے موت کا کنواں بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ دیر ہو اور افسوس کیا جائے تمام بلدیاتی نمائندے مل کر جدوجہد شروع کریں۔

چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن نے مطالبہ کیا کہ شہر کے مسائل کو حل کرنے کیلیے کراچی کو ایک اتھارٹی کے ماتحت کیا جائے، اس وقت مختلف اتھارٹیز کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔

Similar Posts