ملک سے غیرقانونی مقیم افغانوں کی بے دخلی جاری ہے، آج طورخم سرحد سے ساڑھے تین ہزار سے زائد افراد ملک بدر کر دیا گیا۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق یکم اپریل سے اب تک گیارہ ہزار تین سو اکہترغیر قانونی مقیم غیرملکیوں کوبے دخل کیا جا چکا۔
پولیس کے مطابق راولپنڈی میں افغان سیٹیزن کارڈ کے حامل افراد کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق مزید 130 افراد کو تحویل میں لے کرکیمپ منتقل کردیا گیا۔ ان افراد کوافغانستان بھجوایا جائے گا۔
پولیس کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں آپریشن کر رہی ہیں، پولیس ذرائع نے بتایا کہ افغان سیٹیزن کارڈ کے حامل افراد کو کیمپ سے افغانستان بھجوایا جائے گا،آپریشن کے دوران کارڈ ہولڈر خاندانوں کو بھی تحویل میں لے کر کیمپ منتقل کیا جائے گا آپریشن روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
دوسری جانب طورخم سرحد کے راستے بے دخل ہونے والے افراد کو ملک کے مختلف شہروں سے لنڈی کوتل ٹرانزٹ کیمپ منتقل کردیا گیا جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد انہیں طورخم سرحد کے راستے بے دخل کیا گیا۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق یکم اپریل سے لیکر اب تک 7702 افراد پر مشتمل 1151 افغان خاندانوں کو بے دخل کیا جا چکا ہے۔ ان خاندانوں میں 3081 مرد ،1981 خواتین جبکہ 2640 بچے اور بچیاں شامل تھیں۔
17 ستمبر 2023 سے لیکر مارچ 2025 تک 4 لاکھ 69 ہزار 159 افراد پر مشتمل 70494 افغان خاندان طورخم سرحد کے راستے وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔