سعودی حکام نے رہائش، کام اور سرحدی حفاظت کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 18 ہزار 407 افراد کو صرف ایک ہفتے کے دوران گرفتار کر لیا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ان زیر حراست لیے گئے افراد میں سے 12995 افراد ایسے ہیں جنہوں نے رہائشی قوانین کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔ جبکہ 3512 افراد ایسے ہیں جنہیں غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 1900 افراد کو لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا ہے۔
مزید جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 1260 افراد کو غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں داخلے کی کوشش کے دوران حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں 66 فیصد لوگ ایتھوپیا سے تعلق رکھتے ہیں ۔ علاوہ ازیں 28 فیصد زیر حراست لیے گئے افراد یمنی شہری ہیں۔ جبکہ 6 فیصد گرفتار کیے گئے افراد کا مختلف ملکوں سے تعلق ہے۔
رپورٹ کے مطابق 67 وہ لوگ گرفتار کیے گئے ہیں جو سعودی عرب سے پڑوسی ملکوں میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش میں تھے۔ مزید یہ کہ 21 افراد ایسے ہیں جو غیر قانونی طور پر لوگوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کی کوشش میں تھے۔