ایس آئی ایف سی کی جامع سفارتی و معاشی حکمتِ عملی کے ثمرات سے پاکستان عالمی اسٹریٹجک شراکت داروں میں شامل ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیرِ قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین اور برازیلی سفیر کی اعلیٰ سطحی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعاون پر تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور برازیل نے لائیوسٹاک، ڈیری اور گوشت کی صنعت میں شراکت داری کو نئی وسعت دینے اور تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔
گوشت پروسیسنگ، فیڈ لاٹ فَیٹننگ اور ٹریس ایبلٹی سسٹم کی بہتری کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر غور کیا گیا۔ ڈیری شعبہ کی جدید کاری کیلئے برازیلی اعلیٰ جینیٹکس اور جدید ٹیکنالوجی پاکستان میں متعارف کرانے پر باہمی اتفاق ہوا۔
ماہرین کے تبادلے، تربیتی پروگرامز اور پاکستانی پروفیشنلز کی برازیل میں اعلیٰ سطحی ٹریننگ پر باہمی اتفاق رائے ہوا۔ لائیوسٹاک و ڈیری اصلاحات نہ صرف غذائی تحفظ کو مستحکم کریں گی بلکہ روزگار کے نئے امکانات اور پاکستان کی برآمدات کو بھی نئی قوت بخشیں گی۔