امریکی وزیر دفاع کو ’شہید کی یادگار‘ پر ڈانٹنے والے فوجی کو میڈل مل گیا
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے آرلنگٹن نیشنل قبرستان میں واقع ’نامعلوم سپاہی کے مقبرے‘ پر باتیں کرنے اور ہنسنے پر انہیں اور ان کے عملے کو ٹوکنے والے امریکی فوجی اہلکار کو فوجی اعزاز سے نواز دیا ہے۔
اولڈ گارڈ کے نام سے مشہور امریکی فوج کی تھرڈ انفنٹری رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے اسپیشلسٹ تھامس اگلیسیاس کو جمعرات کے روز وزیر دفاع کی جانب سے جوائنٹ سروس کمنڈیشن میڈل پیش کیا گیا۔
یہ غیر معمولی پیش رفت مقبرے پر پیش آنے والے اس واقعے کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے جب ویٹرنز ڈے کی تقریب کے دوران پیٹ ہیگسیتھ، ان کی اہلیہ اور کئی سینئر معاونین کو مقبرے کے قریب تصاویر بنواتے ہوئے باتیں کرتے اور ہنستے سنا گیا تھا، جس پر ڈیوٹی پر مامور اہلکار نے انہیں فوری طور پر خاموشی اختیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔
بدھ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور دیگر اعلیٰ حکام کی شرکت میں ہونے والی پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب کے بعد وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اپنی اہلیہ، چیف آف اسٹاف رکی بوریا، ڈپٹی چیف آف اسٹاف پیٹرک ویور اور سینئر مشیر ٹامی راڈابا کے ہمراہ یادگار کے سامنے تصاویر بنوا رہے تھے۔
موقع سے سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ تصاویر بنوانے کے بعد وفد کے ارکان آپس میں گفتگو کر رہے تھے اور ہنس رہے تھے، جس پر وہاں پہرہ دینے والے اسپیشلسٹ تھامس اگلیسیاس نے رک کر وفد کی جانب رخ کیا اور بلند آواز میں یاد دہانی کرائی کہ تمام زائرین ہر وقت خاموشی اور احترام کی فضا برقرار رکھیں۔
پینٹاگون نے بعد ازاں سپاہی کی اس مداخلت کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتہائی درست اور باوقار انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیے۔
پینٹاگون کے چیف ترجمان شان پارنیل نے بیان دیا کہ اگلیسیاس نے بالکل درست اور احترام کے ساتھ ہر ایک کو ادب و آداب برقرار رکھنے کی یاد دہانی کرائی تھی۔
جمعرات کو وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے اولڈ گارڈ کے ارکان کا پینٹاگون میں خیرمقدم کیا اور امریکا کی اس مقدس ترین فوجی یادگار کے متوقع معیار کو برقرار رکھنے پر اسپیشلسٹ تھامس اگلیسیاس کو تمغہ پہنایا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں ہیگسیتھ نے فوجی اہلکار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ”ہم فوجیوں سے محبت کرتے ہیں اور ہم اصول و ضوابط سے محبت کرتے ہیں، شاباش اسپیشلسٹ“۔
واضح رہے کہ آرلنگٹن قبرستان میں واقع نامعلوم سپاہی کا مقبرہ امریکا کی سب سے زیادہ قابل احترام فوجی یادگاروں میں شمار ہوتا ہے جو جنگوں میں جان دینے والے ان گمنام امریکی فوجیوں کی یاد میں بنایا گیا ہے جن کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ان میں پہلی جنگ عظیم کا ایک نامعلوم سپاہی بھی شامل ہے۔
سنہ 1948 سے جاری روایت کے مطابق اولڈ گارڈ کے سپاہی چوبیس گھنٹے اس مقام کی نگرانی کرتے ہیں اور ان کا کردار محض رسمی نہیں ہوتا بلکہ انہیں ہدایت ہوتی ہے کہ اگر کوئی زائر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرے یا شور مچائے تو وہ فوری مداخلت کریں، تاہم اس معاملے کی خاص بات یہ تھی کہ ٹوکے جانے والی شخصیت کوئی عام شہری نہیں بلکہ ملک کے وزیر دفاع تھے۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب پیٹ ہیگسیتھ بطور وزیر دفاع اپنے کردار کے حوالے سے شدید سیاسی دباؤ کا شکار ہیں۔
ڈیموکریٹک قانون سازوں کی جانب سے انہیں عہدے سے ہٹانے کی کوششیں جاری ہیں اور منگل کے روز ایوان نمائندگان میں کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کے الزامات پر ان کے مواخذے کی ایک کوشش ناکام ہو گئی تھی، جسے ہیگسیتھ نے ایک ڈرامہ اور سیاسی اسٹنٹ قرار دیا تھا۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آرلنگٹن میں ہونے والی تقریب کے دوران اپنی تقریر میں پیٹ ہیگسیتھ کی کارکردگی کو شاندار قرار دیتے ہوئے ان کا بھرپور دفاع کیا ہے۔