جان ریمبو کا بچوں سے متعلق وائرل بیان پر وضاحتی مؤقف سامنے آگیا
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار افضل خان عرف جان ریمبو نے اپنے بچوں سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک وائرل بیان کی وضاحت کردی ہے۔ اداکار کا کہنا ہے کہ ان کے پرانے انٹرویو کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اور اس سے یہ تاثر دیا گیا کہ ان کے بیٹے انہیں وقت نہیں دیتے، جو بالکل غلط ہے۔
جان ریمبو کا شمار پاکستان کے مقبول ٹی وی اور فلمی اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ڈرامہ سیریل ’گیسٹ ہاؤس‘ سے شہرت حاصل کی تھی، جس میں ان کے کردار نے انہیں گھر گھر پہچان دلائی۔ ان کی مشہور فلموں میں ’چور مچائے شور‘، ’منڈا بگڑا جائے‘ اور ’ہاتھی میرا ساتھی‘ سمیت کئی دیگر فلمیں شامل ہیں۔
حال ہی میں جان ریمبو کے ایک پرانے انٹرویو کا مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر دوبارہ گردش کرنے لگا، جس میں وہ اپنے مرحوم والد کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے تھے۔
اس دوران انہوں نے کہا تھا کہ ان کے والد ان سے بہت خوش تھے، لیکن اس کے باوجود انہیں زندگی میں اس بات کا افسوس رہتا ہے کہ انہوں نے اپنے والد کے ساتھ مزید وقت کیوں نہیں گزارا۔
اداکار نے اسی گفتگو میں نوجوان نسل کو بھی مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں اور ان کے ساتھ اچھی یادیں بنائیں، کیونکہ والدین کے دنیا سے چلے جانے کے بعد یہ کمی زندگی بھر محسوس ہوتی ہے۔
تاہم سوشل میڈیا کے بعض پیجز نے اس ویڈیو کو اس تاثر کے ساتھ شیئر کیا کہ گویا جان ریمبو کے اپنے بیٹے انہیں وقت نہیں دیتے اور وہ اس بات پر افسردہ ہیں۔
اس معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے جان ریمبو نے ایک وضاحتی ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے احسن اور زین بہت فرمانبردار ہیں اور انہیں اپنے بیٹوں پر فخر ہے۔ انہوں نے اپنی اہلیہ کی تربیت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے بچوں کی پرورش بہت اچھے انداز میں ہوئی ہے۔
جان ریمبو نے واضح کیا کہ پرانے انٹرویو میں انہوں نے یہ کہا تھا کہ انہوں نے اپنے والد کے ساتھ بہت وقت گزارا اور ان کے والد ان سے راضی تھے، لیکن اس کے باوجود انہیں لگتا ہے کہ کاش وہ اپنے والد کے ساتھ کچھ اور وقت گزار پاتے۔ اسی تجربے کی روشنی میں انہوں نے عام نوجوانوں کو نصیحت کی تھی کہ وہ اپنے والدین کی قدر کریں تاکہ بعد میں پچھتاوا نہ ہو۔
افضل خان کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والوں نے ان کی بات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا اور یہ تاثر دیا کہ ان کے بیٹے ان کا خیال نہیں رکھتے، جو کہ سراسر غلط ہے۔
اداکار کے مطابق ان کے بیٹے اتنے حساس اور باادب ہیں کہ اگر وہ کبھی انہیں ڈانٹ بھی دیں تو وہ دو سے تین دن تک ان کا سامنا کرنے سے کتراتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچے ان کے لیے کسی قیمتی خزانے سے کم نہیں اور انہوں نے اپنی زندگی میں ایسے اچھے بچے کم ہی دیکھے ہیں۔
جان ریمبو نے مزید کہا کہ ان کے بچوں کے اچھے اخلاق اور تربیت سے دوسرے لوگ بھی واقف ہیں، یہاں تک کہ بعض افراد انہیں فون کرکے ان کے بچوں کی تعریف کرتے ہیں۔
اداکار نےسوشل میڈیا پیجز پر ایسی جعلی ویڈیوز چلانے والوں سے اپیل کی کہ وہ ان کے خاندان کا نام استعمال کر کے جھوٹی پوسٹس لگانا بند کریں اور ایسی تمام ویڈیوز فوری طور پر ہٹا دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کوئی شخص اپنے بچوں کے بارے میں جھوٹی باتیں برداشت نہیں کرسکتا، اسی طرح انہیں بھی اپنے بیٹوں کے متعلق بے بنیاد دعووں سے تکلیف ہوتی ہے۔
اداکار نے ایسے سوشل میڈیا چینلز سے اپنی ویڈیوز اور نام کے ذریعے غلط خبریں پھیلانے والی پوسٹس ہٹانے کی درخواست بھی کی۔
جان ریمبو نے واضح کیا کہ ان کا سابقہ بیان صرف اپنی زندگی کے تجربے کی بنیاد پر نوجوان نسل کو والدین کے ساتھ وقت گزارنے کا مشورہ دینے کے لیے تھا، نہ کہ اپنے بچوں سے کسی شکایت کے اظہار کے لیے۔
جان ریمبو کا شمار پاکستان کے مقبول ٹی وی اور فلمی اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ڈرامہ سیریل ’گیسٹ ہاؤس‘ سے شہرت حاصل کی تھی، جس میں ان کے کردار نے انہیں گھر گھر پہچان دلائی۔ ان کی مشہور فلموں میں ’چور مچائے شور‘، ’منڈا بگڑا جائے‘ اور ’ہاتھی میرا ساتھی‘ سمیت کئی دیگر فلمیں شامل ہیں۔