’زریاب جیسی عورت کسی مرد کو نہ ملے‘، ’درِ نجات‘ کی ہیروئن ’ریڈ فلیگ‘ قرار
پاکستانی اداکارہ اور ماڈل نادیہ حسین نے مقبول ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ میں زریاب کے کردار پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک بڑا ’ریڈ فلیگ‘ قرار دے دیا ہے۔ ان کے تبصرے کے بعد سوشل میڈیا پر ناظرین کی جانب سے بھی مختلف آرا سامنے آرہی ہیں۔
عمیرہ احمد کی تحریر کردہ اور ثاقب خان کی ہدایت کاری میں بننے والا مقبول ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ ان دنوں شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ڈرامے کی مرکزی کاسٹ میں شہریار منور، درِ فشاں سلیم اور نمیر خان شامل ہیں۔
ڈرامے کی کہانی زریاب نامی ایک امیر اور جدید خیالات رکھنے والی لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جو اپنے بچپن کے دوست زامل سے محبت کرتی ہے۔ تاہم زامل اسے استعمال کرنے کے بعد چھوڑ دیتا ہے، جس کے بعد ابو بکر اس کی زندگی میں آتا ہے اور اسے سہارا دیتا ہے۔
حال ہی میں نادیہ حسین نے ڈرامے کے کردار زریاب اور ابو بکر کے حوالے سے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ اگر زریاب کے حوالے سے بات کی جائے تو میں اسے مکمل طور پر ریڈ فلیگ کہوں گی۔ جو اس کی کی عادات، رویے، اور طور طریقہ رہے ہیں اس کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف اس کی ظاہری خوبصورت کی بنیاد پر کردار کو زچ نہں کرنا چاہیے۔
نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ جس طرح خواتین کے لیے کسی منفی رویے اور ریڈ فیگ شخص کے ساتھ زندگی گزارنا مشکل ہوتا ہے، اسی طرح مردوں کو بھی ایسے رشتوں میں رہنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے جہاں انہیں ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑے۔
اداکارہ نے زریاب کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ماضی کے تعلقات اور سابقہ بوائے فرینڈ کے بارے میں مسلسل بات کرتی رہتی ہے۔ اس کی باتیں کرنا اور چیزیں توڑنا اور پاگل پن دکھانا ابو بکر کے لیے مشکلات پیدا کرتا ہے اور مسئلے کو مزید پیچیدہ بنادیتا ہے۔
ان کے مطابق ابو بکر جس صورتِ حال سے گزر رہا ہے، اسے کسی بھی عام انسان کے لیے برداشت کرنا آسان نہیں۔ نادیہ حسین نے کہا کہ وہ کسی مرد کے لیے بھی ایسی شریکِ حیات نہیں چاہیں گی جو اپنے منفی رویوں کی وجہ سے اس کی زندگی مشکل بنا دے۔
ان کا کہنا تھا کہ شادی جیسے بڑے فیصلے سے پہلے ضروری ہے کہ انسان اپنے ماضی کے تکلیف دہ تجربات کو پیچھے چھوڑ کر ذہنی اور جذباتی طور پر خود کو مضبوط بنائے۔ اداکارہ کے مطابق اگر کوئی شخص ابھی تک اپنے ماضی کے اثرات سے باہر نہیں نکل سکا تو اسے شادی کرنے کے بجائے تھراپی لینے اور اپنی شخصیت کو بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محبت یقیناً انسان کو مشکلات سے نکلنے اور جذباتی زخم بھرنے میں مدد دے سکتی ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ کسی دوسرے شخص کو مسلسل ماضی کے تلخ تجربات اور منفی رویوں کا بوجھ اٹھانا پڑے۔
ان کے مطابق یہ اصول مردوں اور خواتین دونوں پر یکساں لاگو ہوتا ہے اور کسی کو بھی زہریلے رشتے میں رہ کر دوسرے کی غلطیوں اور رویوں کو برداشت کرنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔
نادیہ حسین کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے درمیان بھی مختلف آرا سامنے آنے لگی ہیں۔ کئی افراد ان کے واضح اور دوٹوک مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں اور اس معاملے پر کھل کر بات کرنے پر انہیں سراہ رہے ہیں، تاہم بعض صارفین زریاب کے کردار کے حق میں بھی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔