سلمان خان کی شادی کی آفر، جُوہی چاولہ کا دلچسپ انکشاف
بولی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے کہ انہوں نے ماضی میں اداکارہ جوہی چاولہ سے شادی کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے ان کے والد سے رشتہ بھی مانگا تھا، تاہم انہیں انکار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ جوہی چاولہ آج اپنی سالگرہ منارہی ہیں۔ جوہی چاولہ اپنی خوبصورت مسکراہٹ، بہترین اداکاری اور دلکش انداز کی وجہ سے ہمیشہ مداحوں کے دلوں میں بستی ہیں۔
اسی مقبولیت کے دور میں بالی ووڈ کے مشہور سپر اسٹار سلمان خان بھی ان کے مداح بن گئے تھے اور ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب سلمان خان نے جوہی چاولہ کو شادی کی پیشکش کر دی تھی۔ اس بات کا انکشاف خود سلمان خان نے کئی سال پہلے ایک انٹرویو کے دوران کیا تھا، جس کا تذکرہ آج بھی سوشل میڈیا پر اکثر و بیشتر سامنے آتا رہتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 1980 اور 1990 کی دہائی میں جب سلمان خان اور جوہی چاولہ دونوں فلمی دنیا میں اپنی پہچان بنا رہے تھے، اس وقت سلمان خان نے جوہی کے والد سے ان کا رشتہ مانگا تھا۔
ایک پرانے انٹرویو میں سلمان خان نے اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جوہی انہیں بہت اچھی اور پیاری لڑکی لگتی تھیں، اسی لیے انہوں نے ان کے والد کے سامنے شادی کی خواہش ظاہر کی تھی، لیکن انہوں نے رشتہ دینے سے انکار کر دیا۔
سلمان خان نے اس حوالے سے کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ شاید اس وقت وہ جوہی کے والد کی توقعات پر پورا نہیں اترتے تھے۔
جوہی چاولہ سے جب اس پرانے واقعے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے بھی تصدیق کی کہ سلمان خان نے واقعی ان سے شادی کی خواہش ظاہر کی تھی۔
اداکارہ کے مطابق اس وقت دونوں خاندان ایک دوسرے کو زیادہ اچھی طرح نہیں جانتے تھے، جو اس رشتے کے آگے نہ بڑھنے کی ایک بی وجہ ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ سلمان خان اس وقت اتنے بڑے سپر اسٹار نہیں بنے تھے جتنے آج ہیں، جبکہ جوہی کا فلمی کیریئر عروج کی جانب بڑھ رہا تھا۔
جوہی کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ دونوں اداکاروں کے درمیان اچھی شناسائی ہوگئی اور اب ان کے تعلقات دوستانہ ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں فنکاروں نے کبھی بطور ہیرو ہیروئن کسی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کیا، البتہ سال 1997 کی فلم ”دیوانہ مستانہ“ میں سلمان خان کا ایک مختصر کردار تھا اور 2007 کی فلم ”سلامِ عشق“ میں بھی دونوں شامل تھے مگر ان کی کہانیاں الگ تھیں۔
جوہی چاولہ نے بالآخر دسمبر 1995 میں کاروباری شخصیت جے مہتا سے شادی کرلی۔ ان کے دو بچے ہیں، جن میں بیٹی جہانوی اور بیٹا ارجن شامل ہیں۔
اداکارہ نے ایک طویل عرصے تک اپنی شادی کو نجی رکھا تھا کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ شادی کی خبر سامنے آنے سے ان کے فلمی کیریئر اور پیشہ ورانہ مصروفیات پر اثر پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب سلمان خان کا نام ماضی میں کئی اداکاراؤں کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے، تاہم انہوں نے اب تک شادی نہیں کی اور وہ بولی ووڈ کے معروف غیر شادی شدہ اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔