کسی میں بھی جرات نہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو ہاتھ لگائے، علیمہ خان

علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی حق پر اور ڈٹ کر کھڑا ہے، کسی میں بھی جرات نہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو ہاتھ لگائے، بانی پی ٹی آئی اللہ کی حفاظت میں ہیں۔

‎انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ ٹی وی پر بیٹھ کر نعرے لگانے والے گیڈر ہیں، بشریٰ بی بی سے 2 ماہ میں 40 منٹ اور بانی سے ایک گھنٹہ ملاقات ہوئی ہے، ہم واٹر کینن سے گھبرانے والے نہیں، میری بہنوں کو گرنے سے ٹانگوں پر زخم آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو جو بانی کے خلاف بول رہا ہے سب کا نام پتہ ہے، ان بیچاروں سے جو کہلوایا جا رہا ہے وہ کہتے ہیں یہ کدھر بھاگیں گے، یہ خوف سے بول رہے ہیں ان کے پاس چھپنے کی جگہ نہیں، رات ڈھائی بجے 9 ڈگری درجہ حرارت تھا اور ہم پر تین مرتبہ پانی سے حملہ سے کیا گیا۔

علیمہ خان نے کہا کہ شرم آنی چاہیے جو کہتے ہیں خواتین رات دو بجے جیل کے باہر کیا کر رہی تھیں، ہم اپنے حق کے لیے بیٹھے تھے، چند مخصوص لوگوں کی کمپنیاں ہیں۔ معدنیات، چینی اور گندم کی جس وقت چاہیں امپورٹ یا ایکسپورٹ کریں، عوام صرف ان کی غلام ہے، بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں بند رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اینکر ٹی وی پر بیٹھ کر کہتا علیمہ خان کو پانچ سال سزا ہوگی، آئین اور قانون مجھے اجازت دیتا ہے کہ میں اظہار رائے کر سکوں، آپ گولیاں چلائیں گے تو ہم شہید ہوں گے اور ہم اب ڈرنے والے نہیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جو خود پاکستان سے غداری کر رہے ہیں وہ ہم کو غدار کہتے یہ ہمارے لیے تمغہ ہے، بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کی عزت آسمانوں پر ہے۔

Similar Posts