ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختارنے ایف آئی اے زونل آفس بلوچستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انتظامی اور تفتیشی امور کا جائزہ لیا اور اس موقع پر ڈائریکٹر بلوچستان زون بہرام خان نے اپنے زون کی مجموعی کارکردگی اور جاری کارروائیوں سے متعلق مفصل بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کےخلاف 89 مقدمات درج کیےگئے اور 112 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزمان سے45 ہزار 730 امریکی ڈالر اور 190 ملین روپے سے زائد مالیت کی غیرملکی کرنسی اور 4کروڑ 67 لاکھ پاکستانی روپے بھی برآمد کیےگئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق رواں سال بجلی چوری میں ملوث ملزمان کےخلاف 4771 چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں اور 5کروڑ 67 لاکھ سے زائد کی ریکوری کی گئی، انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصرکے خلاف 409 مقدمات درج کیے گئے اور غیر قانونی بارڈر پار کرنے میں ملوث 3567 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
بریفنگ کے مطابق رواں سال کے دوران 39 انسانی اسمگلروں کو بھی گرفتارکیا گیا۔
ڈی جی ایف آئی اے نے منظم جرائم کے خلاف بلوچستان زون کی کارکردگی کو سراہا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کے لیے تعریفی سرٹیفیکیٹ کا بھی اعلان کیا اور ہدایت کی کہ انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف سخت کارروائی اور مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے اور بجلی چوری اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ڈی جی ایف آئی اے نے بلوچستان زون کی عملی کارکردگی کومزید بہتر بنانےکے لیے پلان طلب کرلیا، اس دوران انہوں نے اپنے دورے میں ایف آئی اے کی عمارتوں، دفاتر اور دستیاب سہولیات کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور بلوچستان زون میں لاجسٹک سہولیات کی بہتری کےلیے بھی جامع رپورٹ طلب کی۔