ترجمان پی آئی اے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ایک افغان اور پاکستان دشمن اکاؤنٹ کی جانب سے پی آئی اے کی ٹورنٹو پرواز کے تمام عملے کی سیاسی پناہ کی درخواست سے متعلق جعلی خبر کی سختی سے تردید کی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان دشمنی پر مبنی ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت گمراہ کن ٹوئٹ کا مقصد قومی ائیر لائن اور پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس نوعیت کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
یاد رہے کہ ماضی میں پی آئی اے کے عملے کے ارکان کی کینیڈا میں غائب ہونے کی رپورٹس آتی رہی ہیں اور 21 نمبر کو پی آئی کے فضائی میزبان کی کینیڈا میں غائب ہونے کی رپورٹ آئی تھی، جس کے بعد قومی ایئرلائن نے انکوائری شروع کردی تھی۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان نے بتایا تھا کہ ٹورنٹو سے لاہور آنے والی پرواز پی کے-798 کے فضائی میزبان نے رپورٹ نہیں کیا ہے اور رابطہ کرنے پر انہوں نے صحت کی خرابی کا بہانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے اور اگر غیرقانونی گم شدگی کی تصدیق ہوئی تو مذکورہ فضائی میزبان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی شروع کردی جائے گی۔