شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے تین الگ الگ واقعات میں متعدد افراد جھلس کر زخمی ہوئے جبکہ املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ پہلا ہوشربا واقعہ نواں کلی میں پیش آیا جہاں گیس لیکیج کی وجہ سے زور دار دھماکے سے تین دکانیں شدید متاثر ہوئیں۔ انجمن تاجران نواں کلی کے مطابق دھماکے میں پانچ بچوں سمیت سات افراد زخمی ہوئے۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ دو شدید زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا، جبکہ زخمیوں کے جسم کا 90 فیصد سے زائد حصہ جھلس چکا تھا۔
انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ علاقے میں ترقیاتی کاموں کے دوران گیس پائپ لائن لیک ہوئی تھی اور دھماکے سے کئی گھنٹے قبل گیس کی بو کی شکایت متعلقہ حکام سے کی گئی تھی مگر بروقت اقدام نہ ہونے سے یہ سانحہ رونما ہوا۔
تاجروں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو مزید نقصانات ہو سکتے ہیں۔ دوسرا واقعہ سرکی روڈ پمپ والی گلی میں ایک گھر میں گیس لیکیج سے دھماکے کے نتیجے میں پیش آیاجس میں تین افراد جھلس کر زخمی ہو گئے زخمیوں میں ایک خاتون، ایک بچہ اور ایک مرد شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کے برن وارڈ منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ تیسرا حادثہ غوث آباد میں رونما ہوا جہاں گیس لیکیج کے باعث گھر میں دھماکا ہوا۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں والد سمیت تین بچے جھلس کر زخمی ہوئے، جنہیں برن یونٹ منتقل کر دیا گیا۔