برطانوی میڈیا کے مطابق 32 سالہ فٹبالر پر اس سے قبل جولائی 2025 میں بھی جنسی جرائم کے 5 الزامات عائد کیے گئے تھے۔
یہ جنسی جرائم 2021 اور 2022 کے دوران پیش آئے، جب پارٹے نارتھ لندن کلب آرسنل کی نمائندگی کر رہے تھے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آرسنل کے ساتھ ان کا معاہدہ ختم ہونے کے چار دن بعد ان پر باضابطہ طور پر فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔
گزشتہ برس عائد کیے گئے یہ الزامات تین خواتین کی جانب سے لگائے گئے تھے تاہم اب استغاثہ نے ایک نئی مدعیہ کی شکایت پر فٹبالر کے خلاف مزید دو الزامات عائد کیے ہیں۔
یہ نئی شکایت مبینہ طور پر اگست 2025 میں درج کرائی گئی تھی جس کے بعد میٹروپولیٹن پولیس نے 2020 سے متعلق الزامات کی ازسرِنو تحقیقات شروع کیں۔
ان الزمات پر تھامس پارٹے کو 13 مارچ کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹس کورٹ میں ابتدائی سماعت کے لیے پیش ہونا ہے۔
اس سے قبل وہ ستمبر 2025 میں ساؤتھ ورک کراؤن کورٹ میں پیش ہوئے تھے جہاں انہوں نے جنسی زیادتی کے الزامات سے انکار کیا تھا۔
فٹبالر نے خود کو بے گناہ ثابت کرنے کے لیے قانون کا سامنا کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا جس پر عدالت نے انہیں مشروط ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ تھامس پارٹے نے 2020 میں ہسپانوی کلب اٹلیٹیکو میڈرڈ سے آرسنل میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ گھانا کی قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی سمجھے جاتے ہیں۔