سیاست کرلیں یا پھر وکالت، حامد خان کی عدم حاضری پر جسٹس جمال مندوخیل کے ریمارکس

0 minutes, 0 seconds Read

سپریم کورٹ میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو سابق وزیراعظم عمران خان کے مقدمات سننے سے روکنے کی درخواست پر سماعت وکیل حامد خان کی عدم دستیابی کے باعث نہ ہوسکی، جسٹس محمد علی مظہرنے کہاکہ جسٹس قاضی فائزعیسی تو ریٹائرڈ ہوگئے کیا جج ریٹائرمنٹ کے بعد یہ معاملہ زندہ ہے؟ جسٹس جمال مندوخیل نے حامد خان کی عدم حاضری پر ریمارکس دیے کہ حامد خان کو عدالت آنا چاہیئے تھا، سیاست کرلیں یا پھر وکالت کرلیں۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی آئینی بینچ نے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو عمران خان کے مقدمات سننے سے روکنے کے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے پوچھا کہ کیا یہ کیس غیر مؤثر نہیں ہوگیا؟ عدالتی بینچ نے قاضی فائزعیسیٰ کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز سننے سے روک دیا تھا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ تو ریٹائرڈ ہو گئے کیا جج ریٹائرمنٹ کے بعد یہ لائیو ایشو ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ معاملے کو حل تو کرنا پڑے گا، جج کو مقدمہ سننے سے روکنے کا عدالتی حکم دیا گیا، مستقبل کے لیے معاملے کوحل کرنا پڑے گا، ایڈووکیٹ حامد خان کدھر ہیں؟۔

جس پر جونیئر وکیل ایڈووکیٹ اجمل طور نے بتایا کہ ایڈووکیٹ حامد خان سینیٹ کمیٹی اجلاس میں شرکت کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں۔

جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ سینیٹ کمیٹی کا اجلاس کتنے بجے ہے؟ ایڈووکیٹ اجمل طور نے بتایا کہ سینیٹ کمیٹی کا اجلاس دو بجے ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ پھر تو حامد خان کو عدالت آنا چاہیئے تھا، سیاست کرلیں یا پھر وکالت کرلیں۔

ایڈووکیٹ اجمل طور نے کہا کہ کیس فکس ہونے سے متعلق سپریم کورٹ کی طرف سے آگاہ ہی نہیں کیا گیا۔

بعدازاں سپریم کورٹ نے ایڈووکیٹ حامد خان کی عدم دستیابی پر سماعت ملتوی کر دی۔

سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا کے زلزلے سے متاثرہ اسکولوں کی بحالی کا مکمل پلان طلب کرلیا

سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں 2005 کے زلزلے سے متاثرہ اسکولوں کی بحالی کا مکمل پلان طلب کرلیا۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی آئینی بینچ نے خیبرپختونخوا میں 2005 کے زلزلہ سے متاثرہ اسکولوں کی بحالی کیس کی سماعت کی، خیبرپختونخوا کے سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری تعلیم اور سیکرٹری پلاننگ اینڈ ورکس پیش ہوئے۔

جسٹس امین الدین خان نے صوبائی سیکرٹریز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ کی مصروفیات کا اندازہ ہے، بچے درختوں کے نیچے بیٹھ کر تعلیم حاصل کر رہے ہیں، حکومتی سطح پر امور کی انجام دہی ہونی چاہیئے۔

سیکرٹری تعلیم نے عدالت کو بتایا کہ زلزلے سے 3 ہزار سے زائد اسکولز متاثر ہوئے، اسکولوں کی تعمیر کے لیے فنڈز کے مسائل ہیں جو نہیں دیے جا رہے۔ اس موقع پر سیکریٹری فائنانس نے بتایا کہ 4 اپریل کو صوبائی کابینہ سے منظوری کے بعد فنڈز دیے جاچکے ہیں۔

آئینی بینچ کے استفسار پر سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس نے بتایا کہ ایک ہزار231 ملین روپے فنڈز مل چکے ہیں، 49 اسکولوں کی بحالی کا کام رہتا ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ انڈر پاس یا بائی پاس بنانے کے لیے ڈبل شفٹوں یا 3 شفٹوں میں کام کیا جاتا ہے تو اسکولوں کی بحالی کے لیے ڈبل شفٹوں یا 3 شفٹوں میں کیوں کام نہیں کیا جاتا؟

عدالت نے خیبرپختونخوا کے زلزلے سے متاثرہ اسکولوں کی بحالی کے لیے مکمل پلان طلب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو عدالتی کارروائی سے متعلق آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔

بعدازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔

فردوس عاشق اعوان کیخلاف توہین عدالت نوٹس کیس سماعت کیلئے مقرر

سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان کے خلاف توہین عدالت نوٹس کیس سماعت کے لیے مقررکردیا۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 5 رکنی آئینی بینچ توہین عدالت نوٹس کیس کی سماعت کل کرے گا۔

بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شاہد بلال شامل ہیں، اس کے علاوہ جسٹس حسن اظہر رضوی بھی 5 رکنی آئینی بنچ کا حصہ ہوں گے۔

سپریم کورٹ نے قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف پریس کانفرنس کرنے پر نوٹس لیا تھا۔

گلگت بلتستان عدلیہ تعیناتی کیس میں وکیل حامد خان کی التوا کی درخواست

ادھر سپریم کورٹ کے آئنی بنچ میں گلگت بلتستان عدلیہ تعیناتی کیس میں وکیل حامد خان نےالتواء کی درخواست دائرکردی ، جسٹس امین الدین خان نے استفسارکیا کہ کیا زیر التوا کیس کی وجہ سے جی بی عدلیہ کی ورکنگ متاثر ہو رہی ہے ۔۔۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ رکنی بینچ نے سماعت کی،دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ گلگت بلتستان عدلیہ کا معاملہ سیاسی ایشو بن گیا ہے، عدلیہ کی ورکنگ کا ایشوتوآرہا ہے،وکیل حامد خان نے کہا کہ سینٹ کمیٹی کا اجلاس ہے،عدالت میں پیش نہیں ہو سکتا۔۔۔عدالت نے حامد خان کی درخواست پر سماعت ملتوی کردی ۔۔

Similar Posts