وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کی ممبر قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول کی فیفا کی معزز ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی میں تقرری کردی گئی۔
ممبر قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول کی تقرری پاکستان کے لیے سفارتی اور کھیلوں کے میدان میں ایک اہم پیشرفت ہے۔ سیدہ آمنہ بتول اس وقت تک فیفا کی مختلف کمیٹیوں میں پاکستان کی واحد نمائندہ ہیں۔
تاریخی تقرری فیفا کی جانب سے پاکستان کی ادارہ جاتی سمت پر اعتماد کی تجدید، عالمی فٹ بال گورننس میں پاکستان کے مثبت و تعمیری کردار کے اعتراف کی علامت ہے۔
تقرری موجودہ حکومت کی فٹبال کے لیے مسلسل اور سنجیدہ کوششوں کا واضح ثمر ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے فٹبال کو ایک آزاد، شفاف اور میرٹ پر مبنی کھیل کے طور پر فروغ دینے کے لیے واضح سیاسی عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے حال ہی میں ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے صدر اور فیفا کے سینئر نائب صدر، شیخ سلمان بن ابراہیم آل خلیفہ سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات میں پاکستان کی جانب سے ایک خودمختار اور شفاف فٹبال فیڈریشن، ملک گیر فٹبال کی ترقی، اور بین الاقوامی فٹبال ایونٹس کی میزبانی کے عزم کی توثیق کی گئی۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے بھی پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے بڑھتے ہوئے عزم کو سراہا تھا۔
موجودہ حکومت خود کو فیفا کی شمولیت اور شفافیت کی اقدار سے ہم آہنگ کر رہی ہے۔
ماضی میں پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) غیر ضروری مداخلت کے باعث غیر فعال رہی اور بین الاقوامی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
گزشتہ چھ ماہ کے دوران پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر فیڈریشن کی بحالی اور بہتری کے لیے قابلِ ذکر کوششیں کی ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت فٹبال کو محض ایک مسابقتی کھیل نہیں بلکہ نوجوانوں میں سماجی ہم آہنگی اور ترقی کے ایک تزویراتی ذریعے کے طور پر دیکھتی ہے۔
آئندہ کا لائحہ عمل فیفا کے ساتھ منظم، قابل عمل اور شراکت داری پر مبنی تعاون پر مشتمل ہے۔
مستقبل کے لائحہ عمل میں ٹیلنٹ ڈیویلپمنٹ کو صنفی طور پر حساس کھیلوں کی گورننس سے جوڑنا بھی شامل ہے۔
مردوں کی قومی ٹیم کے لیے پہلی خاتون مینیجر کی تقرری بھی اہم سنگِ میل میں سے ایک ہے۔
فیفا میں محترمہ آمنہ بتول کا کردار ادارہ جاتی اصلاحات کے نظام کو مضبوط بنانے، مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے پر مرکوز رہے گا۔
سیدہ آمنہ بتول کی تقرری سے پاکستان عالمی فٹبال برادری کا ایک باوقار، معتبر اور تعمیری رکن بن کر ابھرے گا۔