براؤن یونیورسٹی فائرنگ کا مشتبہ ملزم مردہ حالت میں برآمد

امریکا کی براؤن یونیورسٹی میں گزشتہ ہفتے ہونے والی فائرنگ کے واقعے میں مطلوب مشتبہ حملہ آور مردہ حالت میں ملا ہے۔ امریکی اٹارنی کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ حکام اس بات کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا یہی شخص دو روز بعد میساچوسٹس میں ایم آئی ٹی کے ایک پروفیسر کے قتل میں ملوث تھا یا نہیں۔

خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی اٹارنی لیہ فولی کے دفتر کی ترجمان کرسٹینا اسٹرلنگ نے بتایا کہ براؤن یونیورسٹی فائرنگ کیس کا مشتبہ ملزم ہلاک ہو چکا ہے۔ محکمہ انصاف کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق ملزم نے خودکشی کی، تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

براؤن یونیورسٹی میں ہفتے کے روز ایک کلاس روم عمارت میں فائرنگ کے نتیجے میں دو طلبہ ہلاک اور کم از کم آٹھ افراد زخمی ہو گئے تھے۔ واقعے کے بعد رہوڈ آئی لینڈ کے شہر پروویڈنس میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا تھا، جس کے باعث طلبہ اور شہری شدید بے چینی کا شکار تھے۔

پروویڈنس کے میئر بریٹ اسملی کے مطابق واقعے کے بعد سے عوام ملزم کی گرفتاری کے منتظر تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد مشتبہ شخص پیدل ہی قریبی علاقوں میں فرار ہو گیا تھا۔

دوسری جانب پیر کے روز میساچوسٹس کے علاقے بروکلائن میں ایم آئی ٹی کے پروفیسر نونو لوئریرو کو ان کے گھر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ پروفیسر لوئریرو، جن کی عمر 47 برس تھی، ایم آئی ٹی کے شعبہ نیوکلیئر سائنس، انجینئرنگ اور فزکس سے وابستہ تھے۔

حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا دونوں واقعات کے درمیان کوئی تعلق موجود ہے۔ تاہم ایف بی آئی کے ایک اہلکار نے اس ہفتے کہا تھا کہ ابتدائی طور پر دونوں واقعات کے درمیان کسی واضح تعلق کے شواہد نہیں ملے۔

پولیس کے مطابق براؤن یونیورسٹی کی عمارت اور اطراف میں نگرانی کے کیمروں کی کمی کے باعث تفتیش میں رہائشی سیکیورٹی کیمروں کی فوٹیج سے مدد لی گئی۔ پولیس نے نقاب پوش مشتبہ شخص کی تصاویر اور ویڈیوز بھی جاری کی تھیں اور عوام سے شناخت میں مدد کی اپیل کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ پولیس نے واقعے کے ایک دن بعد ایک شخص کو حراست میں لینے کا اعلان کیا تھا، تاہم بعد ازاں تفتیش کے بعد اسے رہا کر دیا گیا کیونکہ اس کا واقعے سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا۔

Similar Posts