سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی (ایس ایم آئی یو) کے تیسرے گلوبل ریسرچ کانگریس (جی آر سی–2025) کے دوران منعقدہ پہلی بین الاقوامی کانفرنس برائے ایڈوانسز اِن آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ کمپیوٹنگ (ICAAIC-2025) میں مصنوعی ذہانت کے نظامی انجینئرنگ سے متعلق ایک بین الاقوامی سطح پر مشترکہ تحقیقی مطالعے نے بہترین پیپر ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔
ایوارڈ حاصل کرنے والا مقالہ “AI Systems Engineering: A Systematic Review of Process Models, Architectural Patterns, and Emerging Challenges (2019–2025)” کے عنوان سے پیش کیا گیا جس کے مصنفین میں حمزہ علی (این ای ڈی یونیورسٹی، کراچی)، ڈگلس سیلز الویز امانتے (فیڈرل یونیورسٹی آف لاوراس، برازیل اور یونیورسٹی آف موڈینا اینڈ ریجیو ایمیلیا، اٹلی)، عبید اللہ (لاجیسیل سروسز ایل ایل سی، امریکا) اور ڈاکٹر امتیاز حسین (ایس ایم آئی یو) شامل ہیں۔
یہ تحقیق عالمی اشتراک، جامع تجزیے اور اے آئی انجینئرنگ کے اہم چیلنجز جیسے اعتماد پذیری، ویریفیکیشن، ڈیٹا گورننس اور جنریٹو اے آئی سے وابستہ خطرات پر مضبوط سائنسی جانچ کی وجہ سے نمایاں رہی۔
ICAAIC-2025 کی میزبانی “سماجی بھلائی کے لیے اخلاقی کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت” کے موضوع کے تحت کی گئی جس میں دس سے زائد ممالک کے محققین نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران ذمہ دارانہ اے آئی اور جدید کمپیوٹنگ سسٹمز پر مبنی 30 سے زائد پیئر ریویو تحقیقی مقالے پیش کیے گئے۔
دوسری جانب جی آر سی–2025 نے ماہرینِ تعلیم، پالیسی سازوں، صنعت کے نمائندوں اور طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا۔ سندھ کے وزیر برائے جامعات و بورڈز محمد اسماعیل راہو نے ایس ایم آئی یو کی تعلیمی ترقی کو سراہتے ہوئے یونیورسٹی کو مشورہ دیا کہ کانگریس کے اہم نتائج باضابطہ طور پر سندھ حکومت کے ساتھ شیئر کیے جائیں۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے مادرِ علمی کے طور پر ایس ایم آئی یو کے تاریخی کردار کو بھی اجاگر کیا۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب سہرائی نے بہترین پیپر ایوارڈ کے حصول پر محققین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز عالمی سطح پر مؤثر اور اخلاقی اے آئی تحقیق میں یونیورسٹی کی بڑھتی ہوئی شناخت کا مظہر ہے, انہوں نے بتایا کہ جی آر سی–2025 میں 400 سے زائد مقالے موصول ہوئے جن میں سے 228 پیئر ریویو تحقیقی مطالعات پیش کیے گئے۔
ڈاکٹر امتیاز حسین نے پوری ٹیم کی جانب سے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب سہرائی اور سندھ کے وزیر برائے جامعات و بورڈز محمد اسماعیل راہو کے ہاتھوں یہ ایوارڈ فخر کے ساتھ وصول کیا جو پاکستان کی اے آئی کمیونٹی کے لیے باعثِ افتخار قرار دیا جا رہا ہے۔