شدید دھند کے باعث ملک کی مختلف موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم فائیو ملتان سے روہڑی تک بڑی گاڑیوں کے لیے دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے، جبکہ موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک اور موٹروے ایم تھری لاہور سے رجانہ تک شدید دھند کے سبب بند کر دی گئی ہیں۔
سید عمران احمد کا کہنا ہے کہ شہری دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ حد تک دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔
ترجمان کے مطابق دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل موٹروے ہیلپ لائن 130 سے تازہ صورتحال معلوم کریں اور دورانِ سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں اور محفوظ فاصلے کو یقینی بنائیں۔