پاک بھارت کشیدگی کے بعد ریاست مخالف پروپیگنڈہ میں مہم میں ملوث 5 سوشل میڈیا اکاونٹس کی نشاندہی کرلی گئی۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے اکاؤنٹس کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغازکردیا گیا ہے، یہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس ریاست مخالف پروپیگنڈہ مہم میں مصروف ہیں۔
یہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس 8 مئی 2025 کو ایک منظم ریاست مخالف پروپیگنڈہ مہم کا حصہ بنے تھے، جس کا مقصد قومی اداروں اور حکومت کے خلاف منفی رائے عامہ پیدا کرنا تھا۔
سائبر کرائم ونگ کی خصوصی ٹیمیں ان اکاؤنٹس کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کا گہرائی سے تجزیہ کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس معاملے میں ملوث افراد اور اداروں کی شناخت کے لیے نادرا سے ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
ایجنسی کے ذرائع نے کہا ہے کہ آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے ریاست کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے افراد کے خلاف فیصلہ کن اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔