ٹیکساس میں میکسیکن نیوی کا طیارہ حادثے کا شکار، 5 افراد ہلاک

امریکی ریاست ٹیکساس کے ساحلی شہر گیلوَیسٹن کے قریب میکسیکن نیوی کا ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق طیارہ ایک سالہ بیمار بچے کو طبی امداد کے لیے منتقل کر رہا تھا، جبکہ اس میں مجموعی طور پر 8 افراد سوار تھے۔ میکسیکو کی بحریہ کے بیان کے مطابق حادثے کے بعد 4 افراد کو زندہ نکال لیا گیا، جبکہ دیگر کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری رہا۔

بحریہ کا کہنا ہے کہ طیارے میں 4 نیوی افسران اور 4 عام شہری سوار تھے، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہلاک اور لاپتا افراد میں کون شامل ہیں۔

میکسیکن نیوی کے مطابق طیارہ ایک طبی مشن پر تھا اور حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ بحریہ نے مقامی امریکی حکام کے ساتھ مل کر سرچ اور ریسکیو آپریشن میں تعاون کا اعلان کیا ہے۔

ٹیکساس ڈیپارٹمنٹ آف پبلک سیفٹی کے مطابق فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) کی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہیں۔

گیلوَیسٹن کاؤنٹی شیرف آفس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے سے دور رہیں تاکہ امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ نہ ہو۔

محکمہ موسمیات کے مطابق حادثے کے وقت علاقے میں دھند موجود تھی اور حدِ نگاہ تقریباً آدھا میل تھی، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ خراب موسم حادثے کی وجہ بنا یا نہیں۔

Similar Posts