ڈکی بھائی کے یوٹیوب اکاؤنٹ، سامان کی سپرداری کے معاملے پر بڑی پیشرفت

معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے یوٹیوب اکاؤنٹس اور سامان کی سپرداری کے معاملے پر بڑی پیشرفت سامنے آگئی۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کچہری لاہور میں ڈکی بھائی کے دوران حراست ضبط کیے گئے اکاؤنٹس اور سامان کی سپرداری کے معاملے پر سماعت ہوئی۔

پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ یوٹیوبر سعد الرحمان ابھی تک 8 ویڈیوز اپلوڈ کر چکا ہے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے نے عدالت میں سوال اٹھایا کہ یوٹیوب اکاؤنٹ ابھی مال مقدمہ ہے، یوٹیوبر کیسے ویڈیوز اپلوڈ کر سکتا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے کہ یوٹیوبر مقدمے کا باعث بننے والی ویڈیوز کو ڈیلیٹ یا تبدیل کردے گا۔

ڈکی بھائی نے عدالت کو بتایا کہ میں بیان حلفی جمع کروا چکا ہوں، کسی ویڈیو کو نہیں چھیڑا جائے گا۔

یوٹیوبر نے مزید کہا کہ ویڈیوز میں نے نہیں، میرے ایڈیٹر نے اپلوڈ کیں جس پر عدالت نے ملزم سے استفسار کیا کہ آپ کا ایڈیٹر کون ہے؟

ڈکی بھائی نے عدالت کو بتایا کہ ایڈیٹر میرا ایک دوست ہے جو حیدر آباد میں رہتا ہے۔

عدالت نے ڈائریکٹر این سی سی آئی اے سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو نہیں علم تھا کہ اکاؤنٹ کا ایکسس کسی اور کے پاس بھی ہے؟ جس پر ڈائریکٹر این سی سی آئی نے کہا کہ کچھ اکاؤنٹس کے مالکان ایڈیٹرز کو ایکسس نہیں دیتے۔

عدالت نے فریقین اور وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

Similar Posts