کراچی میں میٹرک بورڈ کے تحت سالانہ امتحانات کا تیسرا دن جاری ہے۔ آج صبح کی شفٹ میں نویں جماعت کے سائنس گروپ کا حیاتیات کا پرچہ ہوا، جس کا وقت 9:30 بجے سے 12:30 بجے تک مقرر کیا گیا تھا۔ لیکن لوڈ شیڈنگ کے باعث طلباء کا امتحان دینا محال ہوگیا۔
دوپہر کی شفٹ میں جنرل گروپ کے دسویں جماعت کا انگریزی کا پرچہ لیا جائے گا، جس کا وقت 2:30 بجے سے 5:30 بجے تک ہے۔
اس سالانہ امتحانات کے دوران 499 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں تقریباً 3 لاکھ 75 ہزار طلبا و طالبات شریک ہیں۔
لیکن امتحانات کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث طلبا و طالبات پریشانی کا شکار ہیں۔
کے الیکٹرک نے اس سلسلے میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ میٹرک بورڈ کی جانب سے درخواست منگل کی شب موصول ہوئی تھی، تاہم امتحانی مراکز کی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔
کے الیکٹرک نے کہا کہ امتحانی مراکز کو بجلی فراہمی کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا جا رہا ہے، اور کچھ علاقوں میں مسائل کا سامنا ہے جس کے بارے میں محکمہ تعلیم کو آگاہ کیا جا چکا ہے۔