رضا اللہ کا اپنی ہی گیند پر شاندار کیچ، ویڈیو وائرل
پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر رضا اللہ نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے ڈیبیو پر اپنی ہی گیند پر ایک ہاتھ سے شاندار کیچ پکڑ کر شائقین کو حیران کردیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے اکاؤنٹ سے اس کیچ کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جسے شائقین کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔
اتوار کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں رضا اللہ نے انگلینڈ کے بیٹر ول جیکس کو آؤٹ کرکے قومی ٹیم کے لیے اپنی پہلی ون ڈے وکٹ حاصل کی۔
میچ کے 33ویں اوور میں رضا اللہ کی گیند پر ول جیکس نے آن سائیڈ پر شاٹ کھیلنے کی کوشش کی تاہم گیند بلے کا بیرونی کنارہ لیتی ہوئی بولر کی جانب واپس آگئی، فالو تھرو میں موجود رضا اللہ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ڈائیو لگائی اور بائیں ہاتھ سے ایک ہاتھ کے ساتھ کیچ تھام لیا۔
زمین پر گرنے کے باوجود رضا اللہ نے گیند کو زمین سے لگنے نہیں دیا اور ول جیکس کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ اس غیر معمولی کیچ پر میدان میں موجود شائقین اور کھلاڑی بھی حیران رہ گئے۔
رضا اللہ نے انگلینڈ کے خلاف اپنے 8 اوورز میں 38 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، ول جیکس کے علاوہ انہوں نے لیام ڈاسن کو بھی آؤٹ کیا جب کہ انگلش کپتان ہیری بروک کے رن آؤٹ میں بھی کردار ادا کیا۔
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.4 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے، جس کے بعد پاکستان کو کامیابی کے لیے 242 رنز کا ہدف ملا۔ انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ نمایاں بیٹر رہے جنہوں نے 111 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ تاہم ان کی سنچری بھی ٹیم کو بڑا مجموعہ دینے کے لیے کافی ثابت نہ ہوئی۔
رضا اللہ اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرچکے ہیں اور اب ون ڈے میں بھی اپنی کارکردگی سے توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے لیے یہ سہ ملکی سیریز 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے اہم ہے۔ آئندہ ورلڈ کپ جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر منعقد کریں گے، جہاں جنوبی افریقا کی پچز پر فاسٹ بولرز کو اضافی مدد ملنے کا امکان ہے۔