سہ ملکی ون ڈے سیریز: انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف
سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
اتوار کے روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم 47 ویں اوورز میں 241 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
میچ کا ٹاس
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں سہ ملکی سیریز کے چوتھے میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مد مقابل ہیں، جہاں دونوں ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم میں 21 سال بعد ون ڈے میچ کھیل رہی ہیں۔
اس موقع پر پاکستان ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے انگلش ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ وکٹ کو دیکھ کر ٹیم میں ایک اسپینر شامل کیا ہے، ہماری کوشش ہے مثبت چیزوں پر توجہ دیں اور میچ میں فتح حاصل کریں۔
شاہین شاہ آفریدی نے بتایا کہ انگلینڈ کے خلاف آج کے میچ میں پاکستان ٹیم میں2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، نسیم شاہ اور فہیم اشرف کو ڈراپ کرکے رضا اللہ اور شاداب خان کو قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، رضا اللہ نے ون ڈے کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کیا ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ ٹاس جیتنے پر ہم بھی بیٹنگ کرتے، انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، جوش ٹونگ باہر ہوگئے ان کی جگہ ہنری کروکوم نے اپنا ڈیبیو کیا ہے جب کہ عادل رشید بدستور ٹیم سے باہر ہیں۔
پاکستان کا اسکواڈ
آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں شاداب خان، رضا اللّٰہ، صائم ایوب، فخر زمان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، سعد بیگ، حسن نواز، عرفات منہاس، شاہین شاہ آفریدی (کپتان) اور حارث رؤف شامل ہیں۔
انگلینڈ کا اسکواڈ
انگلینڈ کی ٹیم میں ٹام بینٹن، بین ڈکٹ، جو روٹ، ہیری بروک (کپتان)، جارڈن کاکس (وکٹ کیپر)، سیم کرن، ول جیکس، جیمی اوورٹن، لیام ڈاسن، گس ایٹکنسن اور ہنری کروکوم شامل ہیں۔
یاد رہے سہ ملکی سیریز کے پہلے 3 میچز راولپنڈی میں کھیلے گئے تھے، جہاں پاکستان نے اپنے ابتدائی دونوں میچز میں سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی، قومی ٹیم نے پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 رنز اور انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دی تھی۔
اسی طرح سری لنکا ایک میچ میں فاتح رہا دوسرے میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ انگلینڈ اپنے پہلے دونوں میچز ہار چکا ہے۔
قومی ٹیم آج انگلینڈ کو شکست دے کر مسلسل تیسری فتح حاصل کرنے اور فائنل میں جگہ پکی کرنے کی کوشش کرے گی، اس میچ میں کامیابی قومی ٹیم کو سیریز کے فائنل میں پہنچا دے گی۔
بریسٹ کینسر سے آگاہی مہم کے سلسلے میں قومی ٹیم کے کھلاڑی آج کے میچ میں گلابی کٹ پہن کر میدان میں اترے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی پھیلانا اور اس مرض کی بروقت تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔
اس میچ میں قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر میں 150 وکٹیں مکمل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔
شاہین آفریدی اس میچ میں انگلش اوپنر ٹام بینٹن کو آؤٹ کرکے پہلے پاکستانی فاسٹ بولرز بن گئے ہیں جنہوں نے کم ترین میچز میں 150 ون ڈے وکٹیں مکمل کی ہیں۔
وقار یونس اور شعیب اختر نے 91، 91 میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں جب کہ ثقلین مشتاق نے 78 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔
شاہین آفریدی کی قذافی اسٹیڈیم میں کارکردگی بھی نمایاں رہی ہے، وہ یہاں 6 میچز میں 16 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، ان کی قیادت میں پاکستان نے 13 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں سے 9 میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم میں 21 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیل رہی ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان اس میدان پر آخری ون ڈے میچ 12 دسمبر 2005 کو کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔