مایہ ناز آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل نے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

آسٹریلوی کرکٹ کے مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، جارحانہ بیٹنگ، منفرد شاٹس اور غیر معمولی آل راؤنڈ کارکردگی سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والے کرکٹر کا 14 سالہ بین الاقوامی کیریئر اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

38 سالہ گلین میکسویل نے اپنے فیصلے کا اعلان ایک پوڈکاسٹ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ رہے ہیں۔

میکسویل نے بتایا کہ ریٹائرمنٹ سے متعلق آسٹریلوی ٹیم انتظامیہ کے ساتھ ورلڈ کپ سے پہلے اور بعد میں بھی بات چیت ہوئی تھی۔

گلین میکسویل اپنی دھواں دار بیٹنگ، غیر روایتی شاٹس اور مشکل حالات میں میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت کے باعث دنیا بھر کے کرکٹ شائقین میں مقبول رہے۔

انہوں نے 2012 میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا اور اپنے کیریئر کے دوران تینوں فارمیٹس میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔

میکسویل نے آسٹریلیا کی جانب سے 149 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے اور 3 ہزار 990 رنز اسکور کیے، جبکہ 130 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 2 ہزار 897 رنز بنائے۔ انہوں نے 7 ٹیسٹ میچز میں بھی آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔

ان کے کیریئر کا یادگار ترین لمحہ 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف میچ تھا، جس میں انہوں نے شدید جسمانی تکلیف کے باوجود ناقابلِ شکست 201 رنز کی غیر معمولی اننگز کھیل کر آسٹریلیا کو فتح دلائی تھی۔ اس میچ میں آسٹریلیا نے 91 رنز پر 7 وکٹیں گنوانے کے بعد میکسویل کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کامیابی حاصل کی۔

گلین میکسویل 2015 اور 2023 میں ون ڈے ورلڈ کپ جبکہ 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔ وہ گزشتہ سال ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے تھے، تاہم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کھیلتے رہے۔

میکسویل اب بین الاقوامی کرکٹ کے ساتھ آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ کی جانب سے لسٹ اے اور فرسٹ کلاس کرکٹ سے بھی دستبردار ہوگئے ہیں، تاہم وہ بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔

یوں جارحانہ انداز اور غیر معمولی صلاحیتوں کے باعث کرکٹ کی دنیا میں منفرد پہچان بنانے والے گلین میکسویل کا بین الاقوامی کیریئر اختتام پذیر ہوگیا۔

Related posts