ایف بی آر کی لاہور میں بڑی کارروائی، دو ارب 64 کروڑ سے زائد رقم وصول

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے ذیلی ادارے کارپوریٹ ٹیکس آفس (سی ٹی او) لاہورنے ٹیکس قوانین پر عمل درآمد کے لیے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو ارب 64 کروڑ 60 لاکھ روپے وصول کرلیے ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق کارپوریٹ ٹیکس آفس لاہور نے ٹیکس قوانین پر عمل درآمد کو مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم انفورسمنٹ پیش رفت کرتے ہوئے دو ارب 64 کروڑ 60 لاکھ روپے وصول کرلیے ہیں، تشخیصی کارروائی کی کامیاب تکمیل کے بعد یہ ٹیکس وصولی ایک ایسے ٹیکس دہندہ کے خلاف کی گئی جس نے انکم ٹیکس  کےبقایا جات کی مد میں اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری نہیں کی تھیں۔

بیان میں کہا گیا کہ سی ٹی او لاہور نے نہ صرف ایک ہی کیس میں واجب الادا خطیر رقم کا ٹیکس عائد کیا بلکہ ٹیکس قوانین کی متعلقہ دفعات کے مطابق تمام قانونی تقاضے پیشہ ورانہ انداز میں پورے کرتے ہوئے اس کی وصولی بھی یقینی بنائی۔

ایف بی آر نے بتایا کہ یہ وصولی ایف بی آر اور اس کی فیلڈ فارمیشنز کی بڑے  مقدمات سے نمٹنے، سرکاری محصولات کا تحفظ یقینی بنانےکی پیشہ ورانہ صلاحیت کی عکاس ہے یہ اقدام ٹیکس میں سنگین نادہندگی کے معاملات سے نمٹنے کے لیے ایف بی آر کے ٹھوس  مؤقف کا عکاس ہے اور متعلقہ  قانونی عمل پورا کرکے  انصاف کو بھی یقینی بنایا گیا۔

ایف بی آر کے ممبر آئی آر آپریشنز نے ٹیکس قوانین کے نفاذ اور سرکاری محصولات کے تحفظ کے لیےسی ٹی او لاہور کے افسران کی انتھک کاوشوں کو سراہا اور ایف بی آر نے رضاکارانہ  کمپلائنس  کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا  ہےکہ  نان کمپلائنس  کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

Similar Posts