جنوبی امریکی ملک سورینام میں چاقو سے حملہ، 5 بچوں سمیت 9 افراد ہلاک

جنوبی امریکی ملک سورینام میں ایک شخص کے چاقو کے حملے میں 5 بچوں سمیت 9 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ ایک بچہ اور ایک بالغ شدید زخمی ہو گئے، واقعہ دارالحکومت پاراماریبو میں پیش آیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ سورینام کے دارالحکومت پاراماریبو میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایک شخص نے تیز دھار آلے سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 4 بالغ افراد اور 5 بچے ہلاک ہو گئے۔ حملے میں ایک بچہ اور ایک بالغ زخمی بھی ہوا، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرنے کے دوران اس نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر بھی تیز دھار آلے سے حملہ کرنے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے ملزم کو ٹانگوں میں گولی مار کر زخمی کیا اور حراست میں لے لیا۔

حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جب کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

Similar Posts