اونرشپ ایکٹ 2025 کیخلاف درخواست، معاملے کو سیاست زدہ نہ کریں، لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پروٹیکشن اونرشپ ایکٹ 2025 کے خلاف آئینی درخواست چھٹیوں کے بعد متعلقہ بینچ کے روبرو لگانے کی ہدایت کردی۔ 

جسٹس فیصل زمان خان نے پنجاب پروٹیکشن اونرشپ ایکٹ 2025 کے خلاف آئینی درخواست پر  سماعت کی، عدالت نے درخواست دائر کرنے والے وکیل اظہر صدیق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا اس معاملے کو سیاسی کرنا ضروری ہے، اتنی ٹرولنگ کے باوجود عدالت نے اس معاملے کو اٹھایا، آپ نے دو پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کو لیکر درخواست دائر کی، کیا ان ایم پی ایز نے اسمبلی میں اس ایکٹ کے خلاف تقریر کی؟، یہ اسمبلی میں تو بولے نہیں یہاں درخواست دائر کردی۔

عدالت  نے کہا کہ آپ نے اپنی پیٹیشن فیس بک پر لگا دی ہے، اس معاملے کو سیاست زدہ نا کریں، یہ معاملہ غریب شہریوں کی پراپرٹیز کا ہے، آپ اس درخواست کے ذریعے حکومت کوفائدہ دے رہے ہیں، آپ کو اپنی درخواست واپس لینی چاہئے، آپ کسی متاثرہ شخص کی جانب سے درخواست دائر کرتے تو سمجھ آتی، آپ کی اس درخواست پر بہت افسوس ہوا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایکٹ کے تحت جائیداد سے متعلق اختیارات انتظامیہ کو دے کر آئین کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹی میں فریقین کو وکیل کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت نہیں۔

درخواست میں بتایا گیا کہ سول عدالتوں کا دائرہ اختیار ختم کرنا آئین سے متصادم ہے، ایگزیکٹو اور عدالتی اختیارات کو یکجا کرنا عدلیہ کی آزادی پر حملہ ہے، پراپرٹی اونرشپ ایکٹ اور اس کے تحت ہونے والے تمام اقدامات کالعدم قرار دیے جائیں۔

وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ قانون میں خامیاں ہوں تو بطور قانون ساز قانون کو چیلنج کرتے ہیں، دونوں ایم پی ایز نے پہلے بھی لوکل گورنمنٹ ایکٹ چیلنج کیا، ایم پی ایز نے چیف سیکرٹری کو خطوط بھی لکھے۔

Similar Posts