پنجاب میں چیلنج اسپیشل اکنامک زون اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی 2 نئی فیکٹریوں کا افتتاح

پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین، چائنیز قونصل جنرل ژاؤ شیرن اور چئیرمین یونائے گروپ مسٹر ہوآنگ ویگو نے چیلنج اسپیشل اکنامک زون اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی 2 نئی فیکٹریوں کا افتتاح کردیا۔ 

افتتاحی تقریب پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری انڈسٹریز عمر مسعود ،چیلنج اپیرل گروپ کی ٹیم اور دیگر سرمایہ کار بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین  کا کہنا تھا کہ چین کا چیلنج اپیرل گروپ اپنے اسپیشل اکنامک زون میں 2 مزید فیکٹریاں لگا رہا ہے۔ 2 نئی فیکٹریاں لگنے سے مقامی لوگوں کیلئے کیلئے روزگار کے 25 ہزار مواقع پیدا ہوں گے۔
 
گروپ نے مشینری منگوانے کا آرڈر دے رکھا ہے۔ دونوں فیکٹریاں ایک سال کے اندر پیدا وار شروع کردیں گی۔ ایک فیکٹری میں ایسا کپڑا تیار ہوگا جو پہلے پاکستان میں کہیں نہیں بن رہا۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب کی کاوشوں سے ہی یہ گروپ پنجاب میں 2 مزید فیکٹریاں لگا رہا ہے۔ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 10نئی فیکٹریوں کی تعمیر شروع ہوچکی ہے۔  پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں کی ایسمبلنگ بھی شروع ہوچکی ہے۔ 

چائنیز قونصل جنرل ژاؤ شیرن کا کہنا تھا کہ میں اس کامیابی پر حکومت اور چیلنج گروپ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ پنجاب کی معاشی ترقی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین پر عزم ہیں۔

Similar Posts