بنگلادیش کا ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان، ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ

0 minutes, 0 seconds Read

انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) سے بنگلادیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ریلیز کرنے کے معاملے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس پر جلد باضابطہ اعلان متوقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ اپنے فیصلے سے حکومت کو جلد آگاہ کرے گا، جس کے بعد حکومتی مشاورت سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

حکومتی فیصلے کے ساتھ ہی بی سی بی اس معاملے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھی آگاہ کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی بی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے میچز سری لنکا میں کرانے کی درخواست کرے گا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق بنگلادیش کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچز بھارت میں طے ہیں، جہاں ٹیم نے تین میچز کولکتہ اور ایک میچ ممبئی میں کھیلنا ہے۔

دوسری جانب بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

لٹن کمار داس کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ سیف حسن نائب کپتان ہوں گے۔ بنگلادیش کے گروپ میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیپال اور اٹلی کی ٹیمیں شامل ہیں۔

شیڈول کے مطابق بنگلادیش ٹیم اپنا پہلا میچ 7 فروری کو کولکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔

Similar Posts