تیز ہواؤں سے اڑ جانے کا خدشہ، دبلے افراد کو گھروں میں رہنے کا حکم

0 minutes, 0 seconds Read

شمالی چین میں شدید آندھیوں کے خطرے کے پیش نظر، بیجنگ سمیت کئی شہروں میں اورنج الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ حکام نے عوام کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری بیرونی سرگرمیوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چین کے شمالی علاقوں میں اس ہفتے کے اختتام پر انتہائی تیز اور خطرناک ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے پیشِ نظر بیجنگ سمیت کئی شہروں میں ہنگامی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

نیویارک میں ہیلی کاپٹر دریا میں گر کر تباہ، 3 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک

بیجنگ نے ایک دہائی میں پہلی بار آندھی کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے، جو ملک کے چار درجے کے موسمی وارننگ سسٹم میں دوسرا سب سے بڑا انتباہ ہے۔

حکام کے مطابق، جمعہ سے اتوار کے دوران بیجنگ، تیانجن اور ہیبی کے دیگر علاقوں میں ہوائیں 150 کلومیٹر فی گھنٹہ (93 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے چل سکتی ہیں، کیونکہ ایک طاقتور سرد بھنور منگولیا سے جنوب مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔

عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت

چینی حکام نے لاکھوں افراد کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے، جبکہ دفاتر کے عملے کو جلدی گھر بھیجنے، اسکولوں میں کلاسز معطل کرنے اور تمام بیرونی سرگرمیاں منسوخ کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

سرکاری میڈیا نے خبردار کیا ہے کہ 50 کلوگرام (110 پونڈ) سے کم وزن رکھنے والے افراد ”آسانی سے اُڑا دیے جا سکتے ہیں“، لہٰذا وہ خاص طور پر احتیاط برتیں۔

پارکس، سیاحتی مقامات اور کھیلوں کے مقابلے بند

انتہائی خطرناک موسمی صورتحال کے پیشِ نظر پارکس اور تفریحی مقامات بند کر دیے گئے ہیں۔ تعمیراتی سرگرمیاں اور ٹرین سروسز بھی معطل کر دی گئی ہیں۔

مزید برآں، اس ویک اینڈ پر ہونے والے کئی کھیلوں کے ایونٹس بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں، جن میں دنیا کی پہلی ہیومنائیڈ روبوٹ ہاف میراتھن بھی شامل ہے، جو اب 19 اپریل کو منعقد ہوگی۔

بیجنگ میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی

بیجنگ میٹرولوجیکل سروس کے مطابق، ہفتے کے روز شہر میں درجہ حرارت میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی واقع ہونے کی توقع ہے، جو ہوا کے تیز ترین جھکڑوں کے ساتھ ہوگا۔

محکمۂ موسمیات نے کہا، ”یہ آندھی غیر معمولی طور پر شدید، طویل دورانیے پر مشتمل، وسیع رقبے پر محیط اور انتہائی تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔“

چین میں ہوا کی شدت کو سطح 1 سے 17 تک کے پیمانے پر ناپا جاتا ہے۔ اس ویک اینڈ پر متوقع ہواؤں کو سطح 11 سے 13 کے درمیان شمار کیا گیا ہے، جو کہ ”سنگین نقصان“ اور ”انتہائی تباہی“ کی علامات ہیں۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور تمام حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔

Similar Posts