قومی اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کے باعث 14 اپریل تک ملتوی

0 minutes, 0 seconds Read

قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی آج پھر نہ ہوسکی، جس کے باعث اجلاس پیر (14 اپریل) تک ملتوی کردیا گیا، حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام رہی، اسپیکر ایاز صادق نے صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور نہروں کے معاملے زیر بحث ہیں، اپوزیشن کارروائی چلنے نہیں دیتی تو ایوان میں بحث کیسے ہو۔

جمعہ کو قومی اسلمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا تاہم پاکستان تحریک انصاف کے رکن اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کردی جس پر اسپیکر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایوان کی کارروائی چلنے نہیں دیتے۔

اسپیکر ایاز صادق نے گنتی شروع کروائی مگر کورم پورا نہ نکلا جس کے باعث اجلاس میں آدھے گھنٹے کا وقفہ دینا پڑا تاہم ڈپٹی اسپیکرغلام مصطفی شاہ کی صدارت میں دوبارہ اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن نے پھر کورم کی نشاندہی کی۔

اپوزیشن رکن حامد رضا نے کہا کہ آج فلسطین کے مسئلے پر بات ہونا تھی، انہوں نے اپنی ہی جماعت کے رکن کو کورم کی نشاندہی سے روکنے کی کوشش کی۔

نہریں نکالنے کے منصوبے کیخلاف قرارداد ایجنڈے میں شامل نہ کرنے پر پیپلزپارٹی کا احتجاج

سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی پنجاب سمیت کسی دوسرے صوبے کو نہیں جائے گا، اسحاق ڈار

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے نہروں کے مسئلے پر 7 اپریل کو قرارداد جمع کرائی تھی جس پر ایوان میں متعدد ارکان نے اظہارِ خیال کیا تاہم اپوزیشن نے واک آؤٹ کر دیا۔ اسپیکر کے مطابق جے یو آئی نے واک آؤٹ کا حصہ نہیں بنی۔

سردار ایاز صادق نے ملبہ اپوزیشن پر ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر نہروں پر بات کرنی ہے تو ایوان میں موجود رہنا ہوگا، اپوزیشن ایوان کی کارروائی چلنے نہیں دیتی تو ایوان میں بحث کیسے ہو؟

انہوں نے مزید کہا کہ کل بھی کورم کی نشاندہی کی گئی، کل بھی وقفہ سوالات میں اپوزیشن کے اہم سوالات شامل تھے، آج بھی ہیں۔ کورم کی کمی کے باعث اجلاس پیر شام 4 تک ملتوی کردیا گیا۔

یاد ر ہے کہ گزشتہ روز نہروں کے معاملے پر 30 سے زائد ممبران نے بحث میں حصہ لیا تاہم اپوزیشن نے بائیکاٹ کیا۔

Similar Posts