بھارت میں تاجر نے اپنی بیوی کو قتل کرکے لاش نالے میں پھینک دی، پولیس نے ناک کی لونگ سے معاملے کا پتہ چلا لیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق دہلی کے ایک نالے سے ایک ماہ قبل ملنے والی خاتون کی لاش کے معمہ کو پولیس نے ایک چھوٹی سی ناک کی لونگ کی مدد سے حل کر لیا، جس کے بعد پولیس نے مقتولہ کے شوہر اور کاروباری شخصیت انیل کمار کو گرفتار کر لیا ہے، جن پر اپنی بیوی کو قتل کر کے لاش نالے میں پھینکنے کا الزام ہے۔
رپورٹ کےمطابق 15 مارچ کو دہلی کے ایک نالے سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی جو چادرمیں لپٹی ہوئی اور پتھر اور سیمنٹ کے تھیلے سے بندھی ہوئی تھی۔ پولیس نے لاش کے ساتھ موجود ناک کی کیل کی مدد سے خاتون کی شناخت کی۔
تحقیقات کے دوران پتا چلا کہ یہ ناک کی لونگ جنوبی دہلی کے ایک جیولری اسٹور سے خریدی گئی تھی، جس کی رسید انیل کمار کے نام پر تھی۔ انیل کمار دہلی کے ایک پراپرٹی ڈیلر ہیں اور گڑگاؤں کے فارم ہاؤس میں رہائش پذیر تھے۔
خاتون کی شناخت 47 سالہ سیما سنگھ کے طور پر ہوئی، جو انیل کمار کی بیوی تھیں۔ جب پولیس نے انیل سے ان کی بیوی سے بات کرنے کی درخواست کی تو اس نے دعویٰ کیا کہ وہ دوسرے شہر وردوان گئی ہوئی ہیں اور ان کے پاس فون نہیں ہے۔ تاہم تفتیش کے دوران ان کے بیانات میں تضاد سامنے آیا۔
اس کے بعد پولیس نے دوارکا میں واقع انیل کمار کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہیں ایک ڈائری میں سیما کی والدہ کا نمبر ملا۔ جب پولیس نے اہلِ خانہ سے رابطہ کیا تو سیما کی بہن ببیتا نے بتایا کہ ان کی سیما سے آخری بار 11 مارچ کو بات ہوئی تھی۔ اہلِ خانہ بھی سیما کی گمشدگی پر پریشان تھے۔
ببیتا نے پولیس کو بتایا کہ جب انہوں نے انیل سے سیما کے بارے میں پوچھا تو اس نے بتایا کہ وہ جے پور میں ہیں اور بات کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔ اس نے یہ بھی وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی سیما بہتر محسوس کریں گی، وہ ان سے بات کروا دے گا۔
یہ سلسلہ کئی دنوں تک چلتا رہا۔ سیما کے اہلِ خانہ پولیس سے رجوع کرنا چاہتے تھے، مگر انیل کی یقین دہانیوں نے انہیں انتظار میں رکھا۔
رپورٹ کے مطابق یکم اپریل کو پولیس نے اہل خانہ کو ایک خاتون کی لاش کی شناخت کے لیے بلایا، جس کی شناخت سیما کے طور پر ہوئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق انہیں گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا تھا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق سیما کو گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا تھا۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ دوارکا والے گھر کی چابی صرف انیل اور سیما کے پاس تھی۔
پولیس نے انیل کمار اور ان کے محافظ شیو شنکر کو گرفتار کر لیا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔