وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیلاروس کے حالیہ سرکاری دورے کے بعد پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیلاروس نے ڈیڑھ لاکھ پاکستانی ہنرمندوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق، وزیراعظم نے اس پیشرفت کو بیلاروس کی طرف سے پاکستانیوں کے لیے ایک ”تحفہ“ قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق، یہ اقدام دونوں ممالک کی معیشتوں کے لیے سودمند ثابت ہوگا، جبکہ باہنر پاکستانی نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سے جانے والے افرادی قوت کو بین الاقوامی اور قومی معیار کے مطابق تربیت اور سرٹیفکیشن دی جائے گی، تاکہ وہ بیلاروس میں اپنی خدمات بہتر طریقے سے سرانجام دے سکیں۔ وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ یہ باصلاحیت نوجوان بیلاروس کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ثابت ہوں گے۔
پاکستان اور بیلاروس کے درمیان فوجی تعاون سمیت مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے
دورے کے دوران دونوں ممالک کے وفود نے زراعت، دفاع، تعلیم، اور صنعتی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ، دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے بیلا روس-پاکستان بزنس فورم کے انعقاد کو بھی اہم قرار دیا گیا۔
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے پاکستانی وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ان کے مطابق، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔