کراچی؛ کورنگی میں بھتہ نہ دینے پر ملزمان کی فیکٹری نذرآتش کرنے کی دھمکی

کورنگی کے علاقے میں بھتہ نہ دینے کی صورت پر کمپنی سے نکالے جانے والے ملازم نے فیکٹری نذرآتش کرنے کی دھمکی دے دی۔

فیکٹری سے بھتہ طلب کرنے پر پولیس نے انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

عوامی کالونی پولیس نے فیکٹری کے سیکیورٹی انچارج محمد اصغر کی مدعیت میں نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق شہزاد نامی شخص جو کمپنی میں ملازم تھا انتظامیہ نے خراب کردار کے باعث نکال دیا تھا، 9 جنوری کو صبح شہزاد اپنے دیگر ساتھیوں اقبال ابڑو، سدھیر، اشفاق اور دیگر نامعلوم افراد کے ساتھ فیکٹری آیا اور انتظامیہ کو دھمکی دی کہ اگر پہلے کی طرح لاکھوں روپے بھتہ نہ دیا تو فیکٹری کو آگ لگا دیں گے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے دھمکی دی کہ تمام لوگوں کو جان سے مار دیں گے اور فیکٹری میں کسی کو آنے نہیں دیں گے۔

ملزم اس سے قبل بھی متعدد بار فیکٹری سے لاکھوں روپے بھتہ وصول کر چکا ہے، ملزمان نے فیکٹری انتظامیہ پر دباؤ ڈالنے کے لیے دھرنا بھی دیا تھا۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

Similar Posts