تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی پولیس نے سپر ہائی وے سجاد ہوٹل کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک کر کے ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
گڈاپ پولیس کے مطابق ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی جسے دیکھ ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی تاہم پولیس نے تعاقب اور جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی جبکہ ہلاک ڈاکو کی شناخت 24 سالہ عباس کے نام سے کی گئی۔ ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 پستول ، گولیاں ، نقدی ، شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
پولیس نے ہلاک ڈاکو کی لاش اور زخمی ڈاکو کو اسپتال منتقل کر دیا جبکہ پولیس ان کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جارہا ہے۔
دریں اثنا جمشید کوارٹر پولیس نے جہانگیر روڈ کٹ کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں راہگیر 45 سالہ شاہ نواز بھی زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا۔
پولیس مقابلے میں زخمی ڈاکو کے سر پر گولی لگی تھی جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور اس کی فوری طور پر شناخت بھی نہیں ہو سکی ۔